ستمبر 5, 2026
Delhi دہلیRegional News علاقائی خبریںTop News

عاصم پیرزادہ کے اعزاز میں ادبی تنظیم پرواز نے کیا محفل کا اہتمام

نئی دہلی:(محمد فیصل خان)۔

طنز و مزاح کے معروف شاعر عاصم پیرزادہ کے اعزاز میں جسولہ میں واقع پروفیسر رحمان مصور کی رہائش گاہ پر ایک شعری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ محفل کی صدارت معروف شاعر شاہد انجم نے کی۔ پروفیسر محمد اقبال، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور معروف سماجی و سیاسی کارکن اور کالم نگار کلیم الحفیظ بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئے۔

تقریب میں عاصم پیرزادہ کی ادبی و شعری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انہوں نے کبھی محض مقبولیت کے حصول کو اپنا مقصد نہیں بنایا بلکہ ہمیشہ اپنی شاعری اور تخلیقی ریاضت کو ترجیح دی۔ یہی مسلسل ریاضت ان کے کلام میں مضامین، زبان و بیان اور اسلوب کی پختگی کی صورت میں نمایاں نظر آتی ہے۔ 

مقررین نے پروفیسر رحمان مصور کی ادبی خدمات اور ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہونے والی مسلسل ادبی نشستوں کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔ مقررین نے کہا کہ پروفیسر رحمان مصور خود ایک صاحبِ ذوق شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی ادبی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس رکھتے ہیں اور انہیں بخوبی نبھاتے بھی ہیں۔

محفل میں پیش کئے گئے منتخب اشعار باذوق قارئین کے لیے درج کئے جا رہے ہیں:

میرے علاج کی خاطر اسے بھی بھیج دیا

جو ایک چاندی کی پازیب اس کے پاؤں میں تھی

شاہد انجم

ٹپکتی چھت کے تلے بیٹھ کے گزاری ہے

شب وِصال کی بارش نے ریڑھ ماری ہے

عاصم پیرزادہ

انگوٹھی ہیرے کی جو دی گئی تھی پہلی شب

 انا کے دام  تھے وہ صرف  منہ  دکھائی  نہ تھی

رحمان مصور

کوئی غم نہیں کہ نگر نگر شب تاروتیرہ کی زد میں ہے

میں تو ایک جلتا چراغ ہوں کہ اجالنا مرا کام ہے

خالد مبشر

اُداس ہیں جو حسین چہرے

میں اُن کو ہنسنا سکھا رہا ہوں 

انس فیضی

سب کبوتر چھت پے ہیں بیٹھے ہوئے

آسماں میں اُڑ رہے ہیں باز دو

فرید احمد فرید

ذرا سی بات تھی بس ہاں میں ہاں ملائی تھی

ذرا سی بات پہ جھگڑا بڑھا لیا میں نے

شاکر دہلوی

روشنی دن کی ہمیں کھانے ہی والی تھی کہ بس

زلف شب نے جانے کیا کیا پڑھ کے ہم پر دم کیا

سفیر صدیقی

پہلے بدن کے واسطے گروی رکھی گئی

پھر بیچ کے بدن کو چھڑائی گئی زمین

عمران راہی

تمہارا بے تکلف لمس جیون دان دیتا ہے

میں اس لمحے کے پردے میں زمانہ دیکھ لیتا ہوں

ملک رضوان

ابھی جذبات میں اُلجھا ہوا ہوں

کسی کے سامنے بیٹھا ہوا ہوں

ماجد شاہدی

شعری نشست کی نظامت انس فیضی نے کی۔ محفل میں اہلِ قلم اور شعرا کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Related posts

اسمبلی انتخابات کی تیاری، گینسڑی میں کانگریس کی اہم میٹنگ، بوتھ سطح پر تنظیم مضبوط بنانے پر زور

Hamari Duniya News

خلیجی حکمران ’حقیقی دشمن‘ کو پہچانیں، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا مسلم اتحاد پر زور

Hamari Duniya News

وزیراعظم کا قوم کیلئے صبح کا پیغام، خود انحصاری قوم کی تعمیر کی بنیاد

Hamari Duniya News