13.1 C
New York
اپریل 3, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

تعلیم کی شمع روشن، طلبہ و اساتذہ کے لیے واٹر کولر کا عطیہ، نمایاں کارکردگی پر تہنیتی اعزازات

کیرانہ، 3 اپریل (عظمت اللّٰہ خان)
علاقہ کے مردم خیز گاؤں جگن پور میں واقع سنویلیَن ودیالیہ کا سالانہ انعامی اجلاس بدھ کے روز نہایت شاندار اور روح پرور ماحول میں منعقد ہوا، جس نے علمی و تعلیمی ذوق کے ساتھ سماجی خدمت کے جذبہ کو بھی اجاگر کیا۔ تقریب کا افتتاح نوودیہ اسٹار گلوبل کے ڈائریکٹر برجیش سنگھ و اُمیش شرما اور اپراجیتا گروپ کے صدر پرویندر چوہان (آنریری لیفٹیننٹ ریٹائرڈ) نے مشترکہ طور پر کیا۔ مہمانانِ گرامی کا پرتپاک استقبال تلک اور گل پاشی کے ذریعہ عمل میں آیا، جس سے تقریب کی وقعت میں اضافہ ہوگیا۔

اس موقع پر نوودیہ اسٹار گلوبل ادارہ نے فیاضی اور جذبۂ خدمت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے لیے شدید گرمی کے پیشِ نظر ٹھنڈے پینے کے پانی کی فراہمی کی غرض سے واٹر کولر عطیہ کیا، نیز 40 مستحق طلبہ کے لیے یونیفارم فراہم کیے گئے۔ اس اقدام کو نہ صرف تعلیمی حلقوں بلکہ عوامی سطح پر بھی زبردست سراہنا ملی۔

تقریب میں اپراجیتا گروپ کی جانب سے تعلیمی سیشن 2025-26 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذہین و محنتی طلبہ و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا، جبکہ سال 2025 میں مختلف سرکاری خدمات میں منتخب ہونے والے نوجوانوں کے اہلِ خانہ کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ یہ لمحہ حاضرین کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ثابت ہوا۔

مہمانِ خصوصی پرویندر چوہان نے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسکول کے سبزہ زار میں اشوک کے دو پودے نصب کیے اور حاضرین کو عہد دلایا کہ وہ فطرت کی حفاظت کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں گے۔

طلبہ و طالبات نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کرکے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنّی جوہر کا دلکش مظاہرہ کیا، جس نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ تقریب کی صدارت سریندر مکھیا نے کی جبکہ نظامت کے فرائض وجے شرما نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ مہمانوں کے لیے پرتکلف ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

آخر میں ادارہ کے پرنسپل انیل رانا نے تمام مہمانان و شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گرام پردھان راکیش کوری، سادھو رام، سُدیش آریہ، ارون فوجی، پردیپ چوہان، سندیپ چوہان، انکیت شرما، نتن، پروین، کلدیپ، میناکشی، سریتا، ادریش، سبودھ، نریش، کانتا اور دیگر معززین کی کثیر تعداد موجود رہی

Related posts

آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں پھنس گیا پاکستان ،مشکل سے ملی جیت

Hamari Duniya News

جے این یو کے سینٹر فار پرشین اینڈ سینٹرل ایشین اسٹڈیز میں پروقار دعوت افطار ، مختلف جامعات کے اساتذہ و طلبہ کی شرکت

Hamari Duniya News

بنگلہ دیش میں آج سے ہوگا نئے دور کا آغاز، طارق رحمان لیں گے وزیراعظم کے عہدہ کا حلف، محمد یونس نے الوداعی خطاب میں ہندوستان کے خلاف زہر اگلا

Hamari Duniya News