نئی دہلی،4مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اوکھلا ودھان سبھا کی ایک اہم میٹنگ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے آفس میں ہوئی۔جس میں ویلفیئر پارٹی آف انڈیا اوکھلا ودھان سبھا کے کنوینر جناب احسن فیروز آبادی نے علاقے کے حالات پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پورے اسمبلی حلقہ بالخصوص ذاکر نگر شاہین باغ کا ہائی ٹینشن روڈ اور جامعہ نگر تھانے سے لے کر نالے کی سائیڈ والا 40فٹا روڈ تک سڑکوں کی بہت بری حالت ہے۔گلیاں کھدی پڑی ہیں جن پر کوئی کام نہیں ہو رہا ہے۔ایک بہت بڑی آبادی جسولا پلیا سے لے کر 40 فٹا روڈ تک سڑک کے نا بننے پر متاثر ہے۔بس کچھ ملازم رسمی طور پر سڑک پر نظر آتے ہیں مگر وہ کام کیا کر رہے ہیں کہنا بہت مشکل ہے۔ کیونکہ ابھی تک کوئی کام بھی مکمل نہیں ہو سکا ہے۔
دوسری طرف ٹھوکر نمبر 8 اور الشفا ہاسپیٹل کے سامنے نالے والے روڈ پر بدبودار کوڑے کے انبار کی وجہ سے راہ گیروں کو بے انتہا بدبو کا سامنا کرنا نا پڑ رہا ہے۔احسن فیروز آبادی نے کہا کہ اس سے قبل بھی ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ان پریشانیوں کو لے کر آواز اٹھاتی رہی ہے مگر اس پر کبھی کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔اگر جلد ہی اس پر غور و فکر نہ کیا گیا تو ویلفیئر پارٹی آف انڈیا علاقے کے لوگوں کے ساتھ مل کر کوئی مناسب اور بڑا قدم اٹھائے گی ۔اس میٹنگ میں محمد شفیق، فیروز احمد، محمد معروف، عبدالستار، نصار احمد، جنید احمد،شیخ نظام الدین، سرفراز جنید، عبدالواحد، محمد قیوم و دیگر افراد موجود تھے۔
