نئی دہلی ،12نومبر (ایچ ڈی نیوز)۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023میں آج روہت شرما کی قیادت میں انڈیا نے ورلڈ کپ 2023 کے لیگ مرحلے کے 45ویں اور آخری میچ میں نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے کر ایک بڑی فتح درج کر لی ہے۔ دیوالی کے دن ٹیم انڈیا نے شائقین کو تحفہ دیا اور میچ میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے وکٹیں بھی لیں۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شریس ایئر اور کے ایل راہل کی سنچری اننگز کی بنیاد پر 410 رن بنائے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما، وراٹ کوہلی اور شبھمن گل نے بھی نصف سنچریاں بنائیں۔ جواب میں نیدرلینڈ کی ٹیم 250 رن بنانے میں کامیاب رہی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے تیجا نیتامانورو نے 54 اور سائبرینڈ اینجلبرچٹ نے 45 رنز بنائے۔ ہندوستان کی اس جیت کے ساتھ ہی آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا لیگ مرحلہ ختم ہو گیا ہے۔ اب ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوگا۔ یہ ہندوستان کی مسلسل 9ویں ورلڈ کپ جیت ہے۔ ہندوستان نے ورلڈ کپ میں اتنے مسلسل میچ کبھی نہیں جیتے تھے۔