نئی دہلی،15اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کا سب سے بڑا الٹ پھیر اتوار ( 15 اکتوبر) کو دیکھا گیا۔ اس میچ میں افغانستان کی ٹیم نے سب کو حیران کر دیا اور پچھلی بار ورلڈ کپ کی فاتح انگلینڈ کو عبرتناک شکست دی۔
افغان ٹیم نے یہ میچ 69 رنز سے جیت لیا۔ اس ورلڈ کپ میں افغانستان کی 3 میچوں میں یہ پہلی جیت ہے۔ جبکہ انگلینڈ کی 3 میچوں میں دوسری شکست ہے۔ جوس بٹلر کی قیادت میں انگلش ٹیم نے 2019 کا ون ڈے ورلڈ کپ کا خطاب جیتا تھا۔اس کے علاوہ انگلینڈ نے آخری ٹی20 ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ ایسے میں افغانستان نے عالمی چمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا ہے۔ انگلینڈ کو اس سے قبل اس ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ انگلینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف واحد میچ جیتا ہے۔
اس میچ میں افغانستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس کے جواب میں پوری انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں صرف 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہیری بروک نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ جبکہ ڈیوڈ ملان نے 32 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 30 یا اس سے زیادہ رنز نہ بنا سکا۔
افغانستان کی جانب سے آف اسپنرز مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ محمد نبی نے 2 کامیابیاں حاصل کیں۔ نوین الحق اور فضل الحق فاروقی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔