world Book Fair 2024 New Delhi Pragati Maidan نئی دہلی،12فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
نئی دہلی کے پرگتی میدان میں جاری عالمی کتاب میلہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرنے والا ملک سعودی عرب نے آج اپنے پویلین کا افتتاح کیا۔نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا کے زیراہتمام یہ عالمی کتاب میلہ10تا 18 فروری تک دارالحکومت نئی دہلی کے پرگتی میدان میں جاری رہے گا۔سعودی عرب کے لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن زیر اہتمام متعدد سعودی ادارے سعودی ثقافت و تہذیب کی نمائندگی کے مقصد سے میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی کتاب میلہ میں سعودی عرب کے پویلین کا افتتاح کرتے ہوئےلٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر محمد حسن علوان نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی ثقافت اور تخلیقی صلاحیتیں مختلف شکلوں میں دنیا تک پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی کتاب میلہ میں شرکت کرکے سعودی عرب ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے اور اپنی انفرادیت اور تخلیقی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی کوشش کرےگا۔
علوان نے کہا کہ سعودی پویلین میں شریک ثقافتی ادارے ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے سعودی وزارت ثقافت کے ہدف کے مطابق لوگوں کے درمیان تخلیقی مکالمے کو جاری رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سعودی وزن 2030 کے مطابق میلے کے دوران متنوع ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں سیمینار اور مکالمے کے سیشنز بھی شامل ہیں جن میں سعودی مصنفین قومی صلاحیتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو متعارف کرائیں گے اور سعودی ثقافت کو پیش کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر سعودی موسیقی اور آرٹس کے علاوہ مملکت کے مختلف علاقوں کے پکوان بھی پیش کیے جائیں گے۔ پویلین میں کتابوں اور مخطوطات کی نمائش میلے میں آنے والوں کو سعودی عرب کے قدیم ثقافتی ورثے سے متعارف کرائے گا۔