تعلیم، تحقیق اور ادب میں غیر معمولی خدمات کے لئے دیئے ایوارڈز
نوگانواں سادات، یکم مارچ: تعلیم کے فروغ، اعلیٰ تحقیق اور ادبی دنیا میں غیر معمولی خدمات کے لئے وزڈم گیٹ وے فاونڈیشن نے سرکردہ شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔ تعلیم اور سماجی ترقی کو وقف اس تنظیم کا جلسہ تقسیم انعامات بی بی زہرا ہال میں ہوا۔ تقریب میں اے ڈی ایم امروہہ مایا شنکر یادو مہمان خصوصی اور ایس ڈی ایم برج پال سنگھ مہمان ذی وقار کے طور پر شریک ہوئے۔ تعلیم اور تحقیق کے شعبے میں دیا جانے والا کرشنن آزاد سمان بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر ارضیات اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جیولوجی شعبے کے سابق چیئرمین پروفیسر محشر رضا کو دیا گیا۔ اسی اعزاز سے مشہور وکیل اور انگریزی زبان کی تعلیم میں نمایاں کردار ادا کرنے والے سریندر کمار شرما کو مشترکہ طور پر نوازا گیا۔
وہیں ادبی خدمات کے لئے مشہور شاعر گوہر نقوی کو نیر مسعود اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ دو خصوصی اعزاز بھی دیئے گئے۔ شہرت انٹر کالج کے سابق پرنسپل سرفراز حسین باس مرحوم کو خراج عقیدت کے طور پر دیا جانے والا ایوارڈ ان کے فرزند برقی عباس نے وصول کیا۔ تعلیم کے فروغ میں تین دہائی سے زیادہ عرصے سے سرگرم ماسٹر شبیہ عباس بابر کو سپاس گزاری ایوارڈ دیا گیا۔
اے ڈی ایم مایاشنکر یادو نے اپنے خطاب میں تعلیم و تحقیق کے شعبے کی نمایاں ہستیوں کو نوازے جانے کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوں نے تعلیم کو ہی ترقی کی کلید بتایا۔ یورپی نشاۃ ثانیہ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں غیر معمولی کامیابیاں ہی انسانی تاریخ میں تبدیلیاں لائی ہیں۔ ایس ڈی ایم برج پال سنگھ نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ علمی سفر میں لگن اور تحمل دونوں یکساں طور پر ضروری ہیں۔
وزڈم گیٹ وے فاونڈیشن کے بانی صدر علی عمران نے کہا کہ جن شخصیات کو ایوارڈس دیئے گئے ان کی کامیابیوں نے نوگانواں سادات ہی نہیں پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ ملک کو ترقی یافتہ اور خودانحصار بنانے کے سفر میں نوجوانوں کا کردار سب سے اہم ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ، علما، سماجی شخصیات، طلبہ اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ سید علی عمران نے ان سب کا شکریہ ادا کیا۔
