Waqf Act Amendment :
نئی دہلی5/ اگست (ایچ ڈی نیوز)۔ مرکزمیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت وقف ایکٹ میں ترمیم کرکے ایک طرف مسلمانوں کی جائیدادوں کو ہڑپنے کے منصوبے بنارہی ہے اور دوسری طرف اپنی حلیف جماعتوں کو سرگرم سیاست سے محروم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہاراسلامک پیس فاؤنڈیشن آف انڈیا کے چیرمیںن و معروف سماجی مفکر مولانا سید طارق انور نے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ جو بھی اس کے اتحاد میں شامل ہوا،اسے عوامی حمایت سے محروم کیا گیا ہے۔چندر بابو نائیڈو اور نتیش کمار مسلم ووٹوں کی بدولت اقتدار کے مزے لوٹتے رہے ہیں۔
Waqf Act Amendment :
بی جے پی نہیں چاہتی کہ مسلم ووٹوں کی طاقت ملک کے اقتدار کی تشکیل میں موثر ہوں۔اس لئے وہ وقف ترمیم ایکٹ میں تبدیلی کا بل پیش کرکے تیلگو دیشم پارٹی،جو کہ مسلمانوں کی حمایت سے آندھرا پردیش میں حکمراں رہی ہے اور نتیش کمار کی جے ڈی یو جس کے الٹنے پلٹنے کے باوجود بھی مسلمانوں نے اس سے کھبی پلٹی نہیں ماری،بی جے پی مسلمانوں میں ان دونوں پارٹیوں کی ساکھ خراب کرکے انہیں جڑ سے ختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم نواز نائیڈو اور نتیش کمار بھارتیہ جنتا پارٹی کی سازش کا آسانی سے شکار ہوسکتے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی ان کے کندھوں پر بندوق رکھ کر مسلم وقف جائیدوں کو ہڑپنے کا نشانہ سادھنے میں آسانی سے کامیاب ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ وہ گذشتہ عام انتخابات میں شکست فاش سے دوچار ہوتے ہوتے بچی ہے۔
اس کی ہار اور کمزور ہونے کی وجہ یہی مسلم دشمنی تھی۔انہوں نے کہا اس بل کے پیش ہونے سے حزب اختلاف کی جماعتوں کا بھی سخت امتحان ہوگا اور ان کے اصل سیکولر چہروں کے نقاب بھی اتر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا وقف جائیدادیں یتیموں،مسکینوں اور بے سہارا لوگوں کو سہارا فراہم کرنے کے لئے ہیں اگر ان غریبوں،یتیموں،مسکینوں اور بے سہارا لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈلا گیا تو اس کائنات کا خالق ایسا کرنے والوں کو جلد ان کے کئے کی سزا بھی دے گا۔
