نئی دہلی،18جون (ایچ ڈی نیوز )۔
ہندوستان کے اسٹار وراٹ کوہلی کا شمار دنیا بھر کے مقبول ترین کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ انسٹاگرام پر 2.5 ملین سے زیادہ فالوورز کے ساتھ، کوہلی سوشل میڈیا پر سب سے بڑی مشہور شخصیات میں سے ایک بن گئے ہیں۔ اب وراٹ کوہلی کمائی کے معاملے میں بھی بین الاقوامی کرکٹرز سے آگے نکل گئے ہیں۔ کوہلی کے کل اثاثے بڑھ کر 1050 کروڑ روپے ہو گئے ہیں۔اسٹاک گرو کے مطابق کوہلی کی مجموعی مالیت 1,050 کروڑ روپے ہے، جو اس وقت بین الاقوامی کرکٹرز میں سب سے زیادہ ہے۔ 34 سالہ کوہلی کو بی سی سی آئی نے A سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا ہے۔ ٹیم انڈیا کے معاہدے کے مطابق وہ سالانہ 7 کروڑ روپے کماتے ہیں۔ ان کی میچ فیس ہر ٹیسٹ کے لیے 15 لاکھ روپے، ون ڈے کے لیے 6 لاکھ روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے 3 لاکھ روپے ہے۔
اس کے علاوہ سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ اپنے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے معاہدے سے سالانہ 15 کروڑ روپے کماتے ہیں۔ وہ کئی برانڈز کے بھی مالک ہیں، اور انہوںنے سات اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی ہے، بشمول بلیو ٹرائب، یونیورسل اسپورٹس بز، ایم پی ایل اور اسپورٹس کانوو۔کوہلی 18 سے زیادہ برانڈز کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں اور ہر اشتہار شوٹ سے 7.50 سے 10 کروڑ روپے سالانہ فیس لیتے ہیں۔ بالی ووڈ اور کھیلوں کی صنعت میں کسی فرد کی طرف سے یہ سب سے زیادہ ہے۔ وہ اس طرح کے برانڈ سے تقریباً 175 کروڑ روپے کماتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر، وہ انسٹاگرام اور ٹویٹر پر بالترتیب 8.9 کروڑ روپے اور 2.5 کروڑ روپے فی پوسٹ لیتے ہیں۔ ان کے پاس ممبئی میں 34 کروڑ روپے اور گروگرام میں 80 کروڑ روپے کے دو مکانات ہیں اور 31 کروڑ روپے کی لگڑری کاریں بھی ہیں۔ ان کے علاوہ کوہلی ایف سی گوا فٹ بال کلب کے بھی مالک ہیں جو انڈین سپر لیگ میں شرکت کرتا ہے۔
