نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
بے سہارا افراد کی بھوک مٹانے کے لیے ویژن 2026 کے تحت گزشتہ برس 20 اکتوبر کو شروع کیا گیا کمیونٹی کچن ’ پروجیکٹ احساس‘ضرورت مندوں کے درمیان بے حد مقبول ہورہا ہے۔ پچھلے ہفتے 20 ستمبر کو لکھنو کے دو بگا میں اس کی چوتھی شاخ کا افتتاح ہوا۔ لکھنو میں یہ زکات ایند چیریٹیبل، فاونڈیشن کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کولکاتہ اور ممبئی میں ‘پروجیکٹ احساس’ کا کمیونٹی کچن شروع ہوچکا ہے۔
‘پروجیکٹ احساس’ کے ہیڈ محمد اسلام نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم گزشتہ ایک برس میں 2 لاکھ سے زائد لوگوں کی بھوک مٹانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے لکھنو کے دوبگا میں ‘ کمیونٹی کچن ‘ قائم کیا گیا ہے یہاں سے ابھی روزانہ 300 پیکیٹ ضرورت مندوں میں تقسیم کیے جارہے ہیں، دہلی کے کنچن کنج سے روزانہ ایک ہزار پیکیٹ تقسیم ہو رہے ہیں،اسی طرح ممبئی اور کولکاتا سے بھی تین سو اور چار سو پیکیٹ تیار کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔ یہ معاشرے سے بھوک مٹانے کی ایک تحریک ہے۔
محمد اسلام کہتے ہیں کہ کرونا کی وبا کے بعد کی صورت حال سے پیدا برے حالات سے نمٹنے میں یہ کچن بہت معاون ثابت ہورہا ہے۔ ہم فٹ پاتھ پر پڑے بے سہارا افراد، جھگی جھوپڑیوں کی گندی بستیوں میں رہنے والے خاندانوں اور اسپتالوں کے تیمارداروں تک پہونچ پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔انہوں نے اپیل کی کہ معاشرے کے با حیثیت لوگ اپنی ذمہ داری سمجھ کر اس پہل کا ساتھ دیں تاکہ معاشرے سے بھوک کا خاتمہ ہو سکے۔