پی سی آئی اور ازبکستان جرنلسٹس یونین کے مابین باہمی صحافتی مفادات اور شراکت داری سے متعلق مفاہمت نامے پر دستخط
نئی دہلی ،22 نومبر: پریس کلب آف انڈیا کی دعوت پر ازبکستان کے صحافیوں کے ایک 16 رکنی وفد نے نئی دہلی میں پی سی آئی کا دورہ کیا اور باہمی صحافتی مفادات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی شراکت داری اور تجربات کے تبادلے سے متعلق ایک مفاہمت نامے پر دستخط بھی کیے گئے۔ پروگرام میں ہندوستان میں ازبکستان کے سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرزعزیز باراتوف بھی موجود تھے ۔ مفاہمت نامے پر پریس کلب آف انڈیا کے نائب صدر منورنجن بھارتی اور فرغانہ ریجنل برانچ یونین آف جرنلسٹس آف ازبکستان کے صحافیوں کی یونین کے چیئرمین محمد جان عبیدوف نے دستخط کیے۔ میمورنڈم میں صحافیوں کے لیے ہندوستان اور ازبکستان کے سالانہ میڈیا دوروں کے انعقاد کی بھی توثیق کی گئی۔ کانفرنسوں میں شرکت کے لیے جرنلسٹوں کو مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پریس کلب آف انڈیا کے صدر گوتم لہری جو کہ ان دنوں غیر ملکی دورے پر ہیں ان کی غیر موجودگی میں نائب صدر منورنجن بھارتی کی قیادت میں یہ استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا ۔ ازبیک صحافیوں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پریس کلب آف انڈیا کے سابق جنرل سکریٹری ونئے کمار نے پریس کلب آف انڈیا کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
اس موقع پر پریس کلب آف انڈیا کے نائب صدر منورنجن بھارتی نے بھی ازبیک صحافیوں کے وفد کا گرمجوشی سے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو ملکوں کے صحافیوں کا باہم ملنا جلنا بہت اہم ہے اس سے عوام سے عوام کارابطہ مضبوط ہوتا ہے۔ آپ لوگ یقینا قابل مبارکباد اور قابل تقلید ہیں کہ آپ کے ملک میں 99 فیصد افراد خواندہ ہیں ، ہندوستانی شہریوں کی بڑی تعدادآپ کے مشہور شہر تاشقند ،سمرقند اوربخارا سے ضرور واقف ہے ۔ ازبیک وفد میں سینئر تجربہ کار صحافیوں کے ساتھ ساتھ مختلف اخبارات اور ٹیلی ویژن نیوز چینلز کے آٹھ ایڈیٹرز بشمول نامہ نگار، فوٹو جرنلسٹ اور ڈائریکٹر شامل تھے۔
پریس کلب آف انڈیا کے جنرل سکریٹری نیرج ٹھاکر نے پی سی آئی کے عہدیداروں اور انتظامی کمیٹی کے ارکان کا تعارف کرایا۔ ازبکستان کے صحافیوں کو گلدستے، شال، ٹرافیاں اور تحائف سے نوازا گیا ۔ پی سی آئی کے عہدیداروں اور ازبکستان کے صحافیوں کے درمیان ملاقات انتہائی خوشگوار رہی ۔ ازبکستان کے وفد نے پی سی آئی کو مستقبل قریب میں ازبکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ۔