نئی دہلی، 4جنوری (ایچ ڈی نیوز)
اتر پردیش میں ان دنوں مدارس کو لے کر ہلچل تیز ہے۔مدرسوں کے سروے کے بعد یو پی کی یوگی حکومت کی مدارس کی سر گرمیوں پرخاص طور پر نظر ہے ۔پچھلے دنوں مدرسوں میں جمعہ کے بجائے اتوار کی ہفتہ واری تعطیل اور مدارس کے بچوں کے یونیفارم تبدیل کئے جانے کی خبر تھی اب ایک تازہ معاملہ سمانے آیا ہے جس میں یو پی کے مدرسہ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اتر پردیش بورڈ مدرسہ بورڈ مارچ میں شروع ہونے والے اگلے تعلیمی سیشن سے مدرسوں میں نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ یعنی NCERT کا نصاب متعارف کرائے گا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق مدرسہ ایجوکیشن کونسل کے چیئر مین افتخار احمد جاوید نے کہا ’’مذہبی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی دی جائے گی۔ اب مدرسے کے بچے کمپیوٹر، ریاضی اور سائنس کی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ نومبر میں اتراکھنڈ میں وقف بورڈ نے بھی ریاست بھر میں چلنے والے تمام 103 مدارس میں NCERT کا نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اتراکھنڈ وقف بورڈ نے بھی اس سال کے تعلیمی سیشن سے فیصلہ کیا ہے کہ مدارس تمام مذاہب کے بچوں کے لیے کھلے رہیں گے اور اسلامی اسکولوں میں تعلیم کو جدید بنانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر یکساں لباس کوڈ متعارف کرایا جائے گا۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب شمس نے دی ہندو کو بتایا تھا ’’مدارس کے طلبا کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوششیں ہماری ترجیح ہیں۔ ہم آنے والے سالوں میں مدارس کے لیے CBSE [سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن] یا اتراکھنڈ اسٹیٹ بورڈ سے الحاق حاصل کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔‘‘