لکھنو، 14 فروری (ایچ ڈی نیوز)۔
انڈیا اتحاد میں بھگدڑ کے بعد اب اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کے ذریعہ بنائے گئے پی ڈی اے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا ہے۔گزشتہ دنوں سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سوامی پرساد نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سوامی پرساد چاہتے تھے کہ پارٹی انہیں راجیہ سبھا بھیجے لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا۔ اس کے بعد اب اپنا دل (کامیراوادی) کی آرگنائزر اور ایم ایل اے پلوی پٹیل نے بدھ کو ایک بیان دے کر اتر پردیش کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔ پلوی پٹیل نے کہا کہ پارٹی صدر کرشنا پٹیل لوک سبھا انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کریں گی۔ ان کے فیصلے کے بعد لوک سبھا سیٹوں پر فیصلہ لیا جائے گا۔
ایم ایل اے پلوی پٹیل نے بتایا کہ سماج وادی پارٹی میں قول اور فعل میں فرق ہے۔ اکھلیش یادو نے راجیہ سبھا سیٹ پر کوئی بات نہیں کی۔ تینوں نشستوں پر جن چہروں کا فیصلہ کیا گیا ان پر ایک بار بھی اتحادی جماعت سے بات نہیں ہوئی۔ اس وجہ سے وہ سماج وادی پارٹی کے راجیہ سبھا امیدواروں کو ووٹ دینے نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی مسلمانوں سے ووٹ حاصل کرکے سیٹیں جیت رہی ہے۔ آج انہی مسلمانوں کو دبایا جا رہا ہے۔ راجیہ سبھا سیٹ کے لیے کسی مسلمان کا نام فائنل نہیں کیا گیا ہے۔ اکھلیش یادو پی ڈی اے کی بات کر رہے ہیں اور اقلیت کے طور پر انہیں لیڈر نہیں مل رہا ہے۔
