نئی دہلی، 25 اکتوبر: حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء کا 721 واں سالانہ عرس پیر خواجہ فرید احمد نظامی سید بخاری کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔ یہ ہر سال درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء پر بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ عرس مبارک کا آغاز دنیا میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کی دعاؤں سے ہوا۔ حضرت خواجہ نظام الدین کی زندگی اور تعلیمات پر سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔
ڈاکٹر ایس۔ فاروق نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواجہ نظام الدین اولیاء ایک عظیم ہندوستانی صوفی بزرگ تھے۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دیا۔ وہ ایک روحانی پیشوا اور فلسفی تھے جنہوں نے پوری انسانیت کے لیے محبت اور ہمدردی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے بعد عرس محل میں آل انڈیا منقبتی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے معروف شعراء نے شرکت کی۔ اسی طرح آل انڈیا روحانی اسمبلی کے زیر اہتمام عرس محل کی آخری تقریب منعقد ہوئی جس میں کچھوچھہ شریف سے سید محمد اشرف اشرفی الجیلانی اور پٹنہ بہار سے سید شاہ شمیم الدین نومی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ شاعر شری راہی بستوی نے بھی شرکت کی۔