نئی دہلی،10دسمبر(ایچ ڈی نیوز)۔
دیال سنگھ کالج (ایویننگ) میں شعبہ اردو میں ”بزم ادب“ کی جانب سے ایک استقبالیہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کا عنوان تھا،”رابطہ“۔ اس پروگرام کی نظامت سال سوم کے طالب علم محمد فیضان اور سال اول کے محمد عمران نے کی۔پروگرام کا آغاز دیال سنگھ کالج (ایویننگ) کی پرنسپل صا حبہ پروفیسر بھاو نا پانڈے نے کی اور انہوں نے طلبا و طالبات کاخیر مقدم کیا اور گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم زبانوں کو آگے بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ہم زبانوں کو تہذیبی شناخت کے طور پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر لے جا نا چاہتے ہیں۔مزید انہوں نے یہ بھی کہا ہے زبان و ادب کے ساتھ ساتھ طلبہ کمپیوٹر میں بھی مہارت کریں کیوں کہ یہی وقت کاتقاضہ ہے۔موجودہ دور میں زبان کے ساتھ ساتھ موجودہ اسکل کورس میں جانے کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں طلباء کوکثیر لسان ہونے کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ صدر شعبہ پروفیسر ساجد حسین نے طلبہ و طلبات کا استقبال کرتے ہوئے ان کے مستقبل کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات ظاہر کی اور مزید انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو اپنے مقصد کے لئے پوری طرح صرف کرنے کی ضرورت ہے۔ اس رنگین بھری دنیا میں الجھنے کی ضرروت نہیں ہے۔ محنت اور لگن کے ساتھ پڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اردو زبان و ادب کی اہمیت و افادیت پر بھی گفتگو کی اور طلبہ سے کہا کہ اس میں بہت سارے اسکلس ہیں ، اس لئے کسی طرح کی منفی سوچ کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹر شاہد اقبال نے کہا کہ طلبہ اپنے کام کے تئیں جنون پیدا کر یں اور آپ اپنے مقصد کے حصول کے لئے ایمانداری سے کام کریں، انشائ اللہ آپ ضرور کامیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ طلبا و طالبات نے اپنے اپنے ہنر کا مظاہرہ کیا جس میں سال اول سے لے کر سال سوم تک کے طلبا پیش پیش رہے۔