مظفر نگر:3مئ (عزیز الرحمن خاں/ایچ ڈی نیوز): اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کا ماہانہ اجلاس میناکشی چوک( مظفرنگر) میں شمیم قصار کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا محمد موسیٰ قاسمی نے کی اور نظامت کے فرائض ضلع سکریٹری شمیم قصارنے ادا کیے۔اس موقع پر ضلع صدر کلیم تیاگی نے کہا کہ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اتر پردیش کی واحد تنظیم ہے، جس نے عدالت سے لے کر عوام تک اردو زبان کی ترقی و تحفظ اور بقاکے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو تحریک سے وابستہ ہر شخص اس تنظیم کو بخوبی جانتا ہے۔ اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے گزشتہ 25 سالوں سے مظفرنگر میں عظیم کارنامے انجام دیئے ہیں۔ جس سے مظفرنگر کے محبان اردو بخوبی واقف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ اس تنظیم میں شامل ہو رہے ہیں۔
آرگنائزیشن کے نائب صدر ڈاکٹر سلیم سلمانی نے کہا کہ مئی کے مہینہ میں ہی ایک عظیم الشان مشاعرہ منعقد کیا جائے گا ،جس میں شعراء کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔مولانا موسیٰ قاسمی نے کہا کہ عنقریب اردو مقابلہ منعقد کیا جائے گا اور بچوں کو انعامات دیے جائیں گے۔
ڈاکٹر شمیم الحسن نے کہا کہ اردو ہماری مادری اور خالص ہندوستانی زبان ہے، اس لیے اسے سیکھنا، لوگوں کو سکھانا اور اس کا استعمال کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اسد فاروقی نے کہا کہ آرگنائزیشن اردو بیداری ریلی کے انعقاد پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردو گنگا جمنی ثقافت اور ہندو مسلمانوں کی زبان ہے۔ اس ریلی میں تمام مذاہب کے اردو سے محبت کرنے والوں کو مدعو کیا جائے گا۔
اجلاس میں شہزاد تیاگی کی والدہ اور کلیم تیاگی کی چچی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔
اجلاس میں کلیم تیاگی، تحسین علی ثمر اساروی، ڈاکٹر شمیم الحسن، مولانا موسیٰ قاسمی، ڈاکٹر سلیم سلمانی، ساجد حسن، ڈاکٹر فرخ حسن، حاجی سلامت راہی، بدرالزماں خان، شہزاد تیاگی، قاری سلیم مہربان، شمیم قصار، ماسٹرندیم، حاجی شکیل، ماسٹرخلیل، قاری توحید، عشرت علی، ماسٹر امتیاز علی،رئیس الدین رانا، ساجد خان، چودھری توحید، حاجی اوصاف، ماسٹر شہزاد، گلفام احمد، مولانا عبدالقیوم، ناہید تیاگی، محمد فیضان قصار وغیرہ موجود رہے۔
