لکھنؤ، 09 اپریل (ایچ ڈی نیوز)۔
اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے پروگرام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ریاست کی 17 میونسپل کارپوریشنوں، 199 میونسپل کونسلوں اور 544 نگر پنچایتوں میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 04 مئی کو ہوگی، دوسرے مرحلے کی پولنگ 11 مئی کو ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔ انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔
ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے لیے نامزدگی 11 اپریل سے 17 اپریل تک ہوگی۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 اپریل کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 20 اپریل مقرر کی گئی ہے۔ انتخابی نشانات 21 اپریل کو الاٹ کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 04 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لیے 17 اپریل سے 24 اپریل تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 اپریل کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 27 اپریل تک مقرر کی گئی ہے۔ نشان کی الاٹمنٹ 28 اپریل کو ہوگی۔ دوسرے مرحلے کی پولنگ 11 مئی کو ہوگی۔ دونوں مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔
ریاست میں دو مرحلوں میں انتخابات ہوں گے
الیکشن کمیشن نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں کروانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سہارنپور، مرادآباد، آگرہ، جھانسی، پریاگ راج، لکھنو¿، دیوی پٹن، گورکھپور اور وارانسی ڈویڑن میں انتخابات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں میرٹھ، بریلی، علی گڑھ، کانپور، چترکوٹ، اجودھیا، بستی، اعظم گڑھ اور مرزا پور ڈویڑن میں پولنگ ہوگی۔
ریزرویشن لسٹ بھی جاری کر دی گئی
اس کے ساتھ ہی ریاستی الیکشن کمیشن نے میونسپل کارپوریشنوں میں میئر، میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں میں چیئرمین کے عہدوں کے لیے ریزرویشن کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ آگرہ میونسپل کارپوریشن میں میئر کا عہدہ درج فہرست ذات کی خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ جھانسی کے میئر کا عہدہ درج فہرست ذات، شاہجہاں پور اور فیروز آباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ پسماندہ طبقہ کی خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ سہارنپور میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ پسماندہ طبقہ کے لئے کر دیا گیا ہے۔ میرٹھ میونسپل کارپوریشن کو بھی پسماندہ طبقات کے لیے ریزرو کیا گیا ہے۔ اتر پردیش کی دارالحکومت لکھنو¿ کے علاوہ کانپور اور غازی آباد میونسپل کارپوریشن میں میئر کا عہدہ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ باقی ماندہ وارانسی، پریاگ راج، علی گڑھ، بریلی، مراد آباد، گورکھپور، اجودھیا اور متھرا-ورنداون میونسپل کارپوریشن کے میئر کا عہدہ جنرل کوٹے میں رکھا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے 199 میونسپل کونسلوں اور 544 نگر پنچایت صدور کے عہدوں کے لیے ریزرویشن کی فہرست بھی جاری کی ہے۔
