گاڑی کے مالک کا ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کا رجسٹریشن منسوخ کر دیا جائے گا اور ڈرائیونگ لائسنس 25 سال بعد ہی جاری کیا جائے گا
لکھنؤ: 30 جون (ایچ ڈی نیوز) اتر پردیش میں اب 18 سال سے کم عمر کے بچوں اور بچیوں کے لیے دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑی چلانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اگر کوئی گاڑی کا مالک اپنے نابالغ بچوں کو گاڑی چلانے کے لیے دیتا ہے تو اسے 3 سال قید اور 25 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہو گی۔ اس حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی گاڑی مالک 18 سال سے کم عمر کے لڑکوں یا لڑکیوں کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دے گا۔ بصورت دیگر وہ خود اس کا ذمہ دار ہوگا۔ اگر نابالغ گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے تو ان کے والدین ذمہ دار ہوں گے۔ ایسے والدین کو تین سال تک قید اور 25000 روپے جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی گاڑی کا رجسٹریشن ایک سال کے لیے منسوخ کر دیا جائے گا اگر کوئی نابالغ سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا تو ایسے لوگوں کا ڈرائیونگ لائسنس بھی 25 سال بعد ہی جاری کیا جائے گا۔ ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ کے لڑکے اور لڑکیاں زیادہ تر اسکوٹی اور دیگر گاڑیوں پر اسکول آتے ہیں۔ لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے باعث حادثات کا بھی شکار ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات میں وہ سڑک پر چلنے والے بے گناہ راہگیروں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ حادثات کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے یہ سخت ہدایات اتر پردیش ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے جاری کی ہیں۔ جسے یکم جولائی سے مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔