آیوش سکریٹری نے روایتی طبی نظام میں ہندوستان کی عالمی قیادت کو سراہا وزیر اعظم مودی کے وِژن سے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے، برآمدات کے فروغ اور ہندوستان کے روایتی طبی نظامِ کی عالمی توسیع میں بیش بہا اضافہ ہوا ہے: ویدیہ راجیش کوٹیچا
نئی دہلی، 12 فروری (ہ س)۔
سنٹرل کونسل فار ریسرچ اِن یونانی میڈیسن (سی سی آر یو ایم) کے زیر اہتمام یونانی ڈے 2024 اور ’یونانی میڈیسن فار ون ارتھ، ون ہیلتھ‘ (یونانی طب: ایک زمین، ایک صحت) کے عنوان سے اے پی شندے سمپوزیم ہال، این اے ایس سی، پوسا، نئی دہلی، میں منعقد قومی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں سکریٹری، وزارت آیوش ویدیہ راجیش کوٹیچا نے روایتی طبی نظام میں میں ہندوستان کی عالمی قیادت کو اجاگر کیا اور دلائل پر مبنی سائنسی تحقیقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آیوش کے شعبے میں پچھلے کچھ سالوں میں ہوئی تحقیقات پر روشنی ڈالی۔
اس تقریب میں ویدیہ جینت دیوپجاری، چیئرمین، نیشنل کمیشن فار انڈین سسٹم آف میڈیسن، نئی دہلی، پروفیسر شکیل احمد رومشو، وائس چانسلر، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، اونتی پورہ، جموں و کشمیر، پروفیسر (ڈاکٹر) نذیر احمد غنائی، وائس چانسلر،ایس کے یو اے ایس ٹی-کشمیر، ڈاکٹر سنچو گلوری سواروپا، ڈائریکٹر جنرل، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، حیدرآباد، ڈاکٹر ایم اے قاسمی، ایڈوائزر(یونانی)، وزارت آیوش اور ڈاکٹر این ظہیر احمد، ڈائرکٹر جنرل، سی سی آر یو ایم سمیت وزارت آیوش کے دیگر اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔
مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے ویدیہ راجیش کوٹیچا نے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے میں طب یونانی کےاہم کردار کو اجاگر کرنے میں یونانی ڈے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یونانی ڈے 2024 کے مرکزی موضوع “طب یونانی: ایک زمین ایک صحت” پر روشنی ڈالی، اور دنیا کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ ذمہ داری اورعالمی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں طب یونانی اور دیگر روایتی طبی نظاموں کے مجموعی نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے ان کو باہم مربوط کرنے اور فروغ دینے کے لیے ہندوستانی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی بصیرت انگیز حمایت اور رہنمائی میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے، تحقیقی تعاون، برآمدات کو فروغ دینے کے طریقہ کار، تعلیمی اصلاحات، اور ہندوستان کے روایتی طبی نظام کی عالمی توسیع میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطبے میں، ڈاکٹر این ظہیر احمد، ڈائرکٹر جنرل، سی سی آر یو ایم، نے عظیم مجاہد آزادی اور ہندوستان میں طب یونانی میں سائنسی تحقیق کے بانی حکیم اجمل خان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونانی ڈے ایک بہت خاص موقع ہے جب ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ طب یونانی عوام کی تکالیف کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
افتتاحی تقریب کا اختتام ڈاکٹر ایم اے قاسمی، ایڈوائزر(یونانی)، وزارت آیوش کے کلمات تشکر کے ساتھ ہوا۔
اس موقع پر سی سی آر یو ایم کی مختلف مطبوعہ اور ڈیجیٹل کتابوں، یونانی مرکب دواؤں پر مبنی ایک موبائل ایپ، اور ایک دستاویزی فلم کی رونمائی ہوئی۔ اس کے علاوہ سی سی آر یو ایم کے چار تحقیقی اداروں کو این اے بی ایچ اور این اے بی ایل سرٹیفکیٹس دیے گئے، اور سی سی آر یو ایم، نئی دہلی اور سینٹر فار سیلولر اینڈ مالیکیولر بائیولوجی، حیدرآباد کے درمیان باہمی تعاوں کے لیے ایک میمورنڈم کا تبادلہ ہوا۔
پروفیسر (ڈاکٹر) اتل گوئل، ڈائرکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز، ڈاکٹر ایم اے قاسمی، ایڈوائزر (یونانی)، وزارت آیوش، پروفیسر عاصم علی خان، چیئرمین، سائنٹیفک ایڈوائزری کمیٹی، سی سی آر یو ایم، پروفیسر شکیل احمد رومشو، وائس چانسلر، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، جموں و کشمیر، پروفیسر کنور محمد یوسف امین، علی گڑھ، ڈاکٹر سنچو گلوری سواروپا، ڈائریکٹر جنرل، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، حیدرآباد اور ڈاکٹر رنجنا اگروال، ڈائرکٹر، سی ایس آئی آر- نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ، نئی دہلی، نے اختتامی تقریب سے خطاب کیا۔
تکنیکی اجلاسوں کے دوران ہیلتھ سائنسز کے ماہرین اور دانش وروں نے کانفرنس کے مرکزی خیال کے مختلف پہلوؤں پر اپنے علم، تجربات اور مہارت کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں یونانی طب اور متعلقہ طبی سائنسوں کے فروغ سے وابستہ تعلیمی، تحقیقی اور صنعتی اداروں کے ذمہ داروں اور نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔