نئی دہلی،18فروری(ایچ ڈی نیوز ڈیسک)۔
ترکیہ میں آنے والے زلزلے کی تباہی نے ہر کسی کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔لیکن اب ایک ہفتہ بعد زلزلہ کی وجہ سے تباہ ہوئے مکانات کے ملبے میں دبے کسی شخص کی جان بچ جانا کسی معجزہ سے کم نہیں ہے۔ ایسے ہی ایک ترکیہ میں ملبے میں دبے ایک شخص نے اپنی آپ بیتی سنائی کہ وہ 8دن تک کیسے زندہ رہا۔زلزلہ میں بچ جانے والے ایک بزرگ شخص نے بتایا ہے کہ 8 دن تک ملبے میں دبے رہنے کے دوران اس نے اپنا پیشاب پی کر زندگی بچائی۔
62 برس کے حسین بربر نے بتایا کہ جس وقت زلزلہ آیا وہ اپنے کمرے میں بیٹھے تھے، اچانک ان کے سر پر چھت آن گری تاہم انہوں نے کمرے میں موجود ریفریجریٹر کی اوٹ میں بیٹھ کر اپنی جان بچائی لیکن چھت گرنے کے نتیجے میں وہ ملبے تلے دب گئے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ 15 منزلہ رہائشی عمارت تھی۔حسین بربر ذیابیطس کے مریض ہیں، ملبے تلے دبے رہنے کے دوران جب انہیں پیاس لگی تو انہوں نے اندھیرے میں ہاتھ پاﺅں مار کر پانی کی ایک بوتل تلاش کی جو وہ فوراً پی گئے۔لیکن کچھ عرصہ بعد انہیں پیاس لگی تو انہوں نے مدد کیلئے پہلے آوازیں دیں لیکن کوئی مدد کو نہ آیا، جس کے بعد انہیں خیال آیا کہ پانی کی بوتل میں پیشاب کرکے وہی پی لینا چاہئے۔ اس طرح انہوں نے 8 دن گزارے، جس کے بعد انہیں ریسکیو ورکرز نے بچا لیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلہ سے تباہ عمارتوں کے ملبے ہٹانے کا کام جاری ہے اور روز کوئی نہ کوئی خبرایسی آجاتی ہے جس سے سن کر یا دیکھ کر لوگ اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ زلزلہ سے سب سے زیادہ ترکیہ متاثر ہوا ہے۔ وہاں اب تک 38ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔جبکہ ابھی بھی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔