The Scholar School
اسکول کی ترقی کے لیے میرا ہر طرح کا تعاون رہے گا: ضلع مجسٹریٹ
نئی دہلی،12اگست(ہ س)۔
” اسکول ایک عمارت کا نام نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسی جگہ جہاں بچوں کے اخلاق وکردارکو سنوارا جاتا ہے ان کے خوابوں کو پرواز دی جاتی ہے۔ اس میں ٹیچرس کلیدی رول ادا کرتے ہیں۔ مجھے بے خوشی ہے کہ سید حامد بلاک کے افتتاح کے لیے مجھے یاد کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار ضلع مجسٹریٹ جنوب مشرقی دہلی آئی اے ایس اجے کمار گپتا نے دی اسکالر اسکول میں سید حامد بلاک کے افتتاح کے موقع پر کیا “۔ انہوں نے افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ” اس اسکول کی ترقی کے لیے میرا ہر طرح کا تعاون رہے گا۔ مجھے بے خوشی ہے کہ سید حامد بلاک کے افتتاح کے لیے مجھے یاد کیا گیا۔ بچوں میں تخلیقیت کو پروان چڑھائیں ان کے علمی ذوق کو دبائیں نہیں۔” یہ تین منزلہ بلاک ممتاز ماہر تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین مرحوم سید حامد کے نام وقف ہے۔سال 2010 میں قائم اسکالر اسکول جامعہ نگر میں کنڈرگارٹن سے لے کر 8ویں جماعت تک 800 سے زیادہ طلباءتعلیم پا رہے ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے 40 تربیت یافتہ اساتذہ ہیں۔
The Scholar School
اس موقع پر وژن 2026 کے چیئرمین ٹی عارف علی نے کہا ” سید حامد صاحب ملت اسلامیہ ہند کی ترقی کے لیے ہمیشہ بے چین رہے اورانہیں جہاں جتنا موقع ملا کام کیا ،سچر کمیٹی کی رپورٹ ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے ، جب 2006 میں ہیومن ویلفیر فاونڈیشن تشکیل دینے کا عمل شروع ہوا تو اس وقت وہ بہت آگے آگے رہے ،اور بانی چیئر مین کی ذمہ داری قبول کی۔ ہم ان خدمات کو بھلا نہیں سکتے “۔
The Scholar School
صدر مجلس ، ہیومن ویلفیئر فاونڈیشن کے چیئرمین سراج حسین نے کہا ” مجھے خوشی ہے کہ یہاں سید حامد صاحب کے نام سے ایک بلاک تعمیر کیا گیا ہے ان سے میراتعلق 1976 سے رہا ، 1977 سے لیکر اب تک بہت سارے آئی اے ایس افسران سید حامد صاحب کی خوصلہ افزائی کے نتیجے میں بنے ہیں ، یہ ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کی جانب سے انہیں بہترین خراج عقیدت ہے۔ مجھے امید ہے کہ جس ایکسی لینس کے سید حامد صاحب خواہاں تھے اسے دی اسکالر اسکول پورا کرے گا “۔اس سے قبل ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے اسسٹنٹ جنرل سیکریٹری ایم ساجد نے اپنے خیرمقدمی کلمات سے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اسکول کی پرنسپل ماہ پارہ جان نے اظہار تشکر پیش کیا۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ہند انجینئر محمد سلیم ، وڑن کے سی ای او پی کے نوفل ، فاونڈیشن کے ہیلتھ مینجر ڈاکٹرعارف ندوی ، دی اسکا لر اسکول کے ایڈمنسٹریٹر قاضی محمد میاں سمیت بڑی تعداد میں معززین شہر نے شرکت کی۔