سرکاری فلاحی اسکیموں کا فائدہ مستحقین تک پہنچانے میں این وی کے کا اہم رول: تھومالا ناگیشور
نئی دہلی،15 مارچ: سماجی ترقی کے میدان میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے، این وی کے انڈیا نے تلنگانہ کے کھمم میں ایک نیا مرکز قائم کیا ہے۔ اس مرکز کا باضابطہ افتتاح تلنگانہ کے وزیر زراعت جناب تھومالا ناگیشور راؤ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مقامی حکام، سماجی رہنما اور مستفید ہونے والے افراد بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت تھومالا ناگیشور راؤ نے این وی کے انڈیا کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے “سماجی بہبود کے درست حقداروں تک پہنچانے کی ایک انقلابی کوشش” قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری فلاحی اسکیموں کا فائدہ صرف مستحق افراد تک پہنچے، اور اس عمل میں این وی کے انڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔
کھمم میں قائم ہونے والا یہ نیااین وی کے مرکز عوام کو سرکاری فلاحی اسکیموں تک آسان اور شفاف رسائی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ مرکز حکومت اور مقامی برادری کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرے گا تاکہ سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ این وی کے انڈیا کی اس توسیع سے تلنگانہ سمیت دیگر ریاستوں میں بھی سماجی انصاف اور اقتصادی ترقی کے مشن کو مزید تقویت ملے گی۔
