نئی دہلی،یکم جنوری:ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر ڈریسنگ روم میں قومی کھلاڑیوں کو وارننگ دیتے ہوئے ان پر برس پڑے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے اپنی تقریر میں کسی کا نام لیے بغیر بہت کچھ کہہ دیا۔گوتم گمبھیر نے کہا کہ اب بہت ہو گیا ہے، نیچرل گیم کے نام پر کھلاڑی اپنی مرضی کر رہے ہیں، صورتِ حال کے مطابق نہیں کھیل رہے۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر سیریز کھیلی جارہی ہے جس کا چوتھا مقابلہ ملبورن میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 184رنوں سے شرمناک شکست دے دی۔اب آخری ٹیسٹ میچ تین جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
ہیڈکوچ گوتم گمبھیر نے خراب کارکردگی پر کھلاڑیوں کو جم کرسنایا اور ایک لائن میں کہا کہ بس بہت ہوگیا۔اب من مانی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ 6 ماہ میں کھلاڑیوں کو جس طرح انہوں نے ٹیم کے لیے کھیلنا چاہا کھیلنے دیا، اب وہ فیصلہ کریں گے کہ انہیں کیسے ٹیم کے لیے کھیلنا ہے۔
ہیڈ کوچ نے اپنی تقریر میں کہا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی حکمتِ عملی کے مطابق نہیں کھیلے گا تو اس کو تھینک یو کہہ دیا جائے گا، کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلنے کے بجائے اپنی مرضی کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹرز بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے پرفارمنس نہیں دے رہے۔ ڈریسنگ روم میں ماحول آئیڈیل نہیں ہے، سلیکٹرز، کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف ایک پیج پر نہیں ہیں۔واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کو 1-2 سے برتری حاصل ہے، 1 ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔
previous post