نئی دہلی(ایچ ڈی نیوز)۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں ٹیم انڈیا کے خلاف شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کافی مایوس نظر آئی لیکن ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ڈریسنگ روم میں موجود تمام کھلاڑیوں کی کلاس لی اور ایک حوصلہ بڑھانے والی تقریر بھی کی۔
بابر اعظم نے اپنی تقریر میں خاص طور پر اسپنر محمد نواز سے بات کی اور انہیں تسلی دی کہ سر جھکانانہیں ہے۔ اس میچ میں ہماری شاندار کارکردگی رہی۔ اب تمام تر توجہ اگلے میچوں پر مرکوز ہے۔ بابر نے اپنے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھانے کا کام کیا اور کہا کہ ابھی بہت سے میچز ہیں۔ سفر یہیں ختم نہیں ہوتا۔ بابر نے کہا تھا کہ خطاب جیتنے کے لیے بھی طاقت جھونکنی پڑتی ہے۔
بابر نے کہا ’ بہت اچھا میچ ہوا۔ ہم نے کوشش کی، ہمارے ہاتھ میں کوشش ہے۔ کچھ غلطیاں ہوئیں۔۔۔ ان سے سیکھنا ہے۔ گرنا نہیں ہے، ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے۔ ابھی بڑے میچ پڑے ہیں۔ گرے کوئی نہ، میں پھر بولوں گا کہ کسی ایک بندے کی وجہ سے نہیں ہارے ہیں۔ ہم سب ہارے ہیں۔ کسی پر انگلی نہیں اٹھانی ہے۔ یہ اس ٹیم میں نہیں ہوگا۔ بطور ٹیم ہم ہارے ہیں، بطور ٹیم ہی ہم جیتیں گے۔ایک ساتھ رہنا ہے، اچھی کارکردگی بھی کی ہے، وہ بھی دیکھو، ہاں تھوڑی تھوڑی غلطیاں ہورہی ہیں، ان میں بہتری کرنا ہے بطور ٹیم۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم نے محمد نواز سے کہا ’ اسپیشل نواز… کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ تو میچ ونر ہے میرا۔ مجھے تجھ پر ہمیشہ بھروسہ رہے گا جو مرضی ہو،۔ سرجھکانا نہیں ہے، تو میچ جتائے گا مجھے، بہت اچھی کوشش تھی۔ پریشر والا میچ تھا لیکن تو میچ کو اتنا کلوز لے کرگیا۔ یہ بہت شاندار رہا، ساری چیزیں چھوڑ کر جانا، ٹھیک ہے۔ آگے چل کر نئے سرے سے شروع کرنا ہے۔ ہم بطور ٹیم بہت اچھا کھیلے، اس کو ہی جاری رکھنا ہے۔ آل دی بسٹ۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ ہندوستانی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے۔ پھر بابر نے اوور نواز کو دیا۔ اس میں نواز نے اونچی نو بال بھی کی تھی۔ حالانکہ نواز نے آخری اوور میں دو وکٹیں بھی حاصل کیں لیکن نو بال نے کھیل کو خراب کردیا۔ وراٹ کوہلی نے میچ وننگ اننگز کھیلی۔