وشاکھاپٹنم، 23 نومبر (ایچ ڈی نیوز)۔
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی-20 میچ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان سوریہ کمار یادو نے کہا ہے کہ روہت شرما نے ون ڈے ورلڈ کپ میں جو کیا ہے، وہ ایک مثال قائم کرے گا۔2023 ورلڈ کپ میں روہت شرما نے 126 کے اسٹرائیک ریٹ سے 597 رن بنائے اور اس دوران انہوں نے ریکارڈ 31 چھکے لگائے تھے۔سوریہ کمار نے میچ کی قبل شام بدھ کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا، ”آپ نے دیکھا کہ یہ بالکل مختلف روہت شرما ہے۔ میرا مطلب ہے وہ واقعی اپنی بات کہتے تھے۔ ہم نے ٹیم میٹنگوں میں جو بات کی تھی، انہوں نے وہی کام میدان پر کیا۔ ہمیں ان پر بہت فخر ہے۔ ایک کپتان کے طور پر میں ان کی مثال کو ہم دوہرانے کی کوشش کروں گا۔“
سوریہ کمار نے کہا، ”جب میں آج دوپہر ٹیم سے ملا تو میں نے صرف اتنا کہا کہ جب ہم میدان میں اتریں تو ہمیں بہت بے لوث ہونا چاہیے، کیونکہ میں ایک ایسا شخص ہوں جو انفرادی کامیابیوں کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا اور اس کے بجائے ٹیم کے لیے کام کرتا ہوں۔ میں اس کے بارے میں سوچتا ہوں۔ میں نے آئی پی ایل میں اور کچھ ہندوستانی کھیلوں کے دوران روہت کے ساتھ کئی بار کھیلا ہے، اس لیے وہ جانتے ہیں کہ میں کیسے کام کرتا ہوں۔ اور یہ اتنا مشکل نہیں تھا اور ہم سیریز کے لیے واقعی پرجوش ہیں۔“
اب ہندوستانی کپتان کے طور پر سوریہ کمار کرکٹ کے اس برانڈ کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں جو ہندوستان نے روہت کی قیادت میں ورلڈ کپ کے دوران کھیلا۔سوریہ نے کہا، ”میرا مطلب ہے یہ واضح طور پر تھوڑا مایوس کن ہے۔ لیکن آخر میں جب آپ سفر کو دیکھتے ہیں، تو یہ واقعی ہر رکن کے لیے ایک زبردست مہم تھی- نہ صرف کھلاڑیوں کے لیے بلکہ سپورٹ اسٹاف کے لیے بھی۔ جس طرح ہر ایک نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اس پر تمام ہندوستان اور ہمارے تمام خاندانوں کو بہت فخر ہے، یہ مثبت تھا، کرکٹ کا برانڈ ہم نے پورے ٹورنامنٹ میں کھیلا، اور ہم اس پر بہت فخر کر سکتے ہیں۔“