سڈنی۔ سری لنکن بلے باز دانشکا گنتھیلاکا کو اتوار کی صبح سڈنی میں مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دانشکا کی گرفتاری سڈنی کے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں واقع ٹیم ہوٹل سے 29 سالہ خاتون کی جانب سے مبینہ جنسی زیادتی کی شکایت کے سلسلے میں کی گئی۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، نیو ساؤتھ ویلس پولیس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ”دانشکا نے ایک آن لائن ڈیٹنگ ایپلی کیشن کے ذریعے کئی دنوں تک خاتون سے بات چیت کرنے کے بعد ملاقات کی۔ الزام ہے کہ اس نے 2 نومبر 2022 کی شام کو خاتون سے جنسی زیادتی کی۔ جاری تفتیش کے ایک حصے کے طور پر، ماہر پولیس کے ذریعہ کل روز بے کے ایک پتے پر جرم کے مقام کی جانچ کی گئی۔ مزید پوچھ تاچھ کے بعد، ایک 31 سالہ شخص کو سڈنی کے سسیکس اسٹریٹ کے ایک ہوٹل سے آج (اتوار، 6 نومبر 2022) کو گرفتار کیا گیا۔“
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم انگلینڈ سے شکست کھانے کے بعد عالمی کپ سے باہر ہوچکی ہے۔ اب اس کے کھلاڑی بڑی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے، ”اسے سڈنی سٹی پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور اس پر رضامندی کے بغیر جنسی تعلقات کے چار الزامات عائد کیے گئے۔ سری لنکن شہری کو آج اے وی ایل (آڈیو ویڑول لنک) کے توسط سے پررامٹا ضمانت عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا۔“
ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے گنتھیلاکا کو ابتدائی راؤنڈ میں ٹی-20 ورلڈ کپ سے باہر کر دیا گیا تھا۔ حالانکہ وہ ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا میں ہی رہے۔ نومبر 2015 میں اپنا ڈیبیو کرنے کے بعد سے، انہوں نے آٹھ ٹیسٹ، 47 ون ڈے اور 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کی نمائندگی کی ہے۔