5.5 C
New York
فروری 27, 2026
Regional News علاقائی خبریںTop News

رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ پر مساجد میں روح پرور اجتماعات، علما کے بصیرت افروز خطابات

رمضان المبارک

کیرانہ، 27 فروری (عظمت اللّٰہ خان)۔
رمضان المبارک کے دوسرے جمعہ کے موقع پر شہر کی مساجد میں روحانیت و عقیدت کے دلکش مناظر دیکھنے کو ملے جہاں فرزندانِ اسلام نے بڑی تعداد میں نمازِ جمعہ ادا کی۔ جامع مسجد، مدرسہ اشاعت الاسلام، شاملی بس اڈہ مسجد اور مدینہ مسجد میں بالترتیب مولانا محمد طاہر، قاری محمد ساجد خان، قاری انیس احمد اور مولانا حبیب اللّٰہ مدنی نے امامت فرمائی اور ماہِ صیام کی عظمت و فضیلت پر مؤثر بیانات پیش کیے۔

 ویڈیو اچھی لگے تو شیئر کریں،کمنٹ کریں اور چینل کو سبسکرائب کریں

مولانا محمد طاہر نے روزے کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ روزہ مومن کی روحانی تربیت کا بہترین ذریعہ ہے جو انسان کے ظاہر و باطن کو پاکیزگی عطا کرتا اور اسے رضائے الٰہی کے قریب کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزہ ضبطِ نفس، صبر اور شکر کی عملی مشق ہے اور یہی اوصاف ایک متوازن اور باوقار زندگی کی بنیاد بنتے ہیں۔

بعد ازاں مولانا حبیب اللّٰہ مدنی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ “رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور مغفرتوں کا خزانہ ہے، یہ وہ مہینہ ہے جس میں بندہ اپنے رب کے قریب ہو کر اپنی زندگی کو سنوار سکتا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ روزہ محض بھوک و پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کے اندر تقویٰ، صبر اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔ رمضان کے تینوں عشروں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا عشرہ رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے نجات کا عشرہ ہے، اس لیے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اس مبارک مہینے کی قدر کرتے ہوئے عبادات کے ساتھ اپنے اخلاق و معاملات کی اصلاح بھی کرے۔

مولانا مدنی نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان انسان میں ہمدردی، ایثار اور معاشرتی خیر خواہی کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور یہی اوصاف ایک صالح معاشرے کی تشکیل کا ذریعہ بنتے ہیں۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے امتِ مسلمہ کی فلاح و سلامتی، ملک میں امن و استحکام اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

واضح رہے کہ مولانا حبیب اللّٰہ مدنی معروف دینی و روحانی خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیت علمائے ہند کے فرزند ہیں اور ضلع سہارنپور سمیت مختلف مقامات پر دینی خدمات انجام دے رہے ہیں

Related posts

اردو صحافت چمک دمک کے بجائے قومی شعور کی بیداری کا آئینہ دار ہے: لئیق رضوی

Hamari Duniya News

جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ’ ضیاء السلام کی کتاب ’ توانائی بخشنے والی قرآنی نصیحتیں‘ کا رسم اجراء 

Hamari Duniya News

بابائے قوم مہاتما گاندھی کو ان کی برسی پر وزیراعظم نےکیا یاد، دنیا کو دیا عدم تشددکاپیغام

Hamari Duniya News