برلن، 15 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
نیکو ولیمز اور مائکل اویارزابل کے گول کی بدولت اسپین نے اتوار کی دیر شب برلن کے اولمپیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے خطابیمیچ میں انگلینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر یورو 2024 کا خطاب جیت لیا۔
اسپین نے ریکارڈ چوتھی مرتبہ یورپی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسپین ٹورنامنٹ کے 2024 ایڈیشن میں ناقابل شکست رہا اور اس نے باوقار ٹرافی اپنے نام کی۔ ادھر دو مرتبہ فائنل ہارنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کا یورو ٹرافی جیتنے کا انتظار مزید بڑھ گیا ہے۔ میچ کے ابتدائی 15 منٹ میں دونوں ٹیموں نے اسٹریٹجک کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تاہم اسپین نے گیند پر زیادہ قبضہ برقرار رکھا اور دو بڑے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران انگلینڈ صرف ایک بار ابتدائی گول کرنے کے قریب پہنچا۔
تھری لائنز نے میچ کے ابتدائی منٹوں میں جدوجہد کی۔ وہ اپنے ہی ہاف سے باہر نکلنے میں ناکام رہے کیونکہ ہسپانوی کھلاڑیوں نے مڈ فیلڈ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، جس سے انگلینڈ کے حملہ آوروں کو ہسپانوی گول کیپر اونائی سائمن کو پریشان کرنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔ پہلے ہاف کی سیٹی بجنے سے چند منٹ قبل اسپین کے کپتان الوارو موراٹا کو انگلینڈ کے باکس کے اندر جگہ مل گئی لیکن اس سے پہلے کہ وہ شاٹ لیتے، ہسپانوی کھلاڑی کو انگلش ڈیفنڈر لاپورٹے نے بلاک کر دیا۔
پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا لیکن اسپین نے تھری لائنز پر غلبہ حاصل کرتے ہوئے 69 فیصد بال پوزیشن برقرار رکھا۔ اس دوران ہیری کین کی ٹیم کے پاس صرف 31 فیصدبال پوزیشن رہا۔ دوسرا ہاف دونوں ٹیموں کے لیے اہم تھا کیونکہ کوئی بھی میچ کو پنالٹی شوٹ آوٹ تک نہیں لے جانا چاہتی تھی۔ اسپین نے دوسرے ہاف کا آغاز ایک تبدیلی کے ساتھ کیا۔ لوئس ڈی لا فوینٹے نے چوٹ کا شکار ہونے کے بعد روڈری کو باہر کر دیا اور مارٹن زوبیمینڈی نے اس کی جگہ لی۔ نیکو ولیمز نے میچ کے 47ویں منٹ میں گول کر کے اسپین کو 1-0 کی برتری دلا دی۔
اس کے بعد انگلینڈ نے اسپین پر حملے تیز کر دیئے اور اس کی جانب سے سبسٹی ٹیوٹ کھلاڑی کول پالمر کے ذریعہ برابری کا گول آیا جنہوں نے میچ کے 73ویں منٹ میں گول کیا۔ اس کے بعد لگ رہا تھا کہ میچ اضافہ وقت میں جائے گا لیکن مائکل اویارزابل نے 86ویں منٹ میں گول کر کے اسپین کو میچ میں 2-1 کی برتری دلا دی اور یہ اسکور فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اس کے ساتھ ہی اسپین نے اپنا ریکارڈ چوتھا یورو کپ خطاب جیت لیا۔