سنبھل،27فروری(ایچ ڈی نیوز)۔
سنبھل سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ شفیق الرحمن برق کا منگل کو 94 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے مرادآباد کے سدھا اسپتال میں آخری سانس لی۔ آپ کو بتادیں کہ ان کی طبیعت کچھ دنوں سے بگڑ گئی تھی۔ جسمانی کمزوری اور لوز موشن کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ گردے کے انفیکشن میں مبتلا تھے۔
شفیق الرحمن 11 جولائی 1930 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے سیاست کا آغاز چودھری چرن سنگھ سے کیا۔ وہ بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر بھی تھے۔ وہ مسلمانوں کی آواز بلند کرنے اور ایماندارانہ شبیہ رکھنے کے لیے ملک بھر میں جانے جاتے تھے۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی کے قیام کے دوران ملائم سنگھ یادو کے ساتھ بھی کام کیا تھا اور انہیں ایس پی کا بانی رکن بھی کہا جاتا تھا۔
شفیق الرحمن برق، جو اس وقت سنبھل سے ایس پی ایم پی ہیں، 5 بار لوک سبھا انتخابات جیت چکے ہیں۔ انہوں نے سال 1996، 1998 اور 2004 میں ایس پی سے تین بار مراد آباد لوک سبھا سیٹ جیتی۔ اس کے بعد وہ سنبھل لوک سبھا سے 2009 میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس کے بعد، 2019 میں ، وہ دوبارہ ایس پی کے ٹکٹ پر سنبھل سے جیتے تھے۔