تربیتی ورکشاپس سے صلاحیتوں میں اضافہ ہو تا ہے: محمد شفیع مدنی
نئی دہلی،04 نومبر: ہنگامی حالات میں آفات سے نمٹنے کیلئے کام کر نے والی تنظیم سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (ایس بی ایف) نے جامعہ نگر میں 30 سے زائد ایس بی ایف والینٹیرس کے لیے آفات سے نمٹنے کی صلاحیت سازی کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد عملی مشقوں اور مہارتوں کو مزید نکھارا جائے تاکہ ایس بی ایف کے والینٹیرس میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو پروان چڑھا یا جا سکے۔
تربیتی ورک شاپ میں ماہر انسٹرکٹر مسٹر سریش کمار نے ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرنے کی اہم مہارتوں، جیسے ابتدائی طبی امداد، سی پی آر، اسٹریچر بنانے پر مشتمل عملی سیشنز کا انعقاد کیا۔ یہ مشقیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ترتیب دی گئی تھیں کہ والینٹیرس کو آفات کے دوران فوری اور مؤثرکارروائی کرنے کی مہارت حاصل ہو۔
یہ ورکشاپ ایس بی ایف کی جانب سے ہندوستان بھر میں والینٹیرس کو بااختیار بنانے کے مسلسل عزم کا ایک حصہ ہے، تاکہ وہ ہنگامی حالات میں فرنٹ لائن ورکر کے طور پر کام کر سکیں اور مصیبت کی گھڑی میں لوگوں کے کام آسکیں۔ اس موقع پر ایس بی ایف کے سیکرٹری محمد شفیع مدنی نے والینٹیرس کی لگن اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ہنگامی حالات پیش آنے پر بروقت اٹھایا گیا قدم لوگوں کی زندگیاں بچانے میں بہت اہم رول ادا کرتا ہے. اس طرح کی تربیتی ورکشاپس سے والینٹیرس کو نئی توانائی حاصل ہوتی ہے، اور خدمت کے جذبے کی تجدید ہوتی ہے۔
سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے نیشنل کوآرڈینیٹر عرفان احمد اور والینٹیرس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عامر جمال نے ٹیم ورک، مواصلات، اور ہنگامی حالات میں ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے ورکشاپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ رضاکاروں کا کردار ایس بی ایف کے مشن کتنا اہم ہے، جو قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ پرو گرام کے اخیر میں دہلی کے ریاستی کنوینر محمد شہزاد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔