نئی دہلی، 29 مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) نے اوکھلا، نئی دہلی میں قائم اپنے مرکز پر طلبہ لیڈران کے ساتھ افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس میٹنگ کا مقصد طلبہ میں معاشرہ کی سمجھ پیدا کرنا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف پس منظر سے آنے والے طلبہ لیڈران کو ساتھ لانا، گفتگو اور تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم بنانا بھی مقاصد میں شامل تھا۔
ملاقات کے دوران طلبہ لیڈران نے کیمپس کے ماحول، کیمپس میں جمہوری ماحول، تعلیم، تعلیمی چیلنجز جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مہمانوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں رنگارنگی کی اہمیت، رواداری اور باہمی اشتراک کو فروغ دینے کے بارے میں اپنے تجربات اور نقطہ نظر بھی پیش کیے۔
میٹنگ میں مختلف طلبہ تنظیم کے رہنماؤں، اسٹوڈنٹس ایکٹیوسٹ اور ریسرچ اسکالرز نے شرکت کی۔ مقررین نے مختلف پس منظر، ثقافت اور عقیدے رکھنے والے طلبہ کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے صدر بردار رمیس ای کے نے کہا، “ہم سمجھتے ہیں کہ کیمپسز میں جمہوری ماحول کا ہونا طلبہ کی ہمہ گیر ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مکالمے اور باہمی تعاون کے لیے ایک پلیٹ فارم بنا کر، ہم رواداری، باہمی اشتراک اور ایک دوسرے کے لیے احترام کے کلچر کو فروغ دیں گے” اس کے بعد آپ نے ماہِ رمضان کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ “روحانی ارتقا، شخصیت کو سنوارنے اور رفاہی کاموں کے لیے یہ ایک بہترین وقت ہے۔”
افطار میں شرکاء کی جانب سے، مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ساتھیوں کے ساتھ تعامل اور اپنے خیالات و خدشات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرنے پر تعریف کی گئی۔ تقریب کا اختتام مثبت انداز میں ہوا، شرکاء نے کیمپسز میں جمہوری فضا بنانے اور جامع ماحول پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کیا۔
۔SIO کے نیشنل کیمپس سیکریٹری عمران حسین نے مزید کہا کہ “SIO اعلی تعلیمی اداروں میں جمہوری فضا، باہمی تعامل اور رنگارنگی کے احترام جیسی قدروں کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ تنظیم طلبہ کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی تقریبات اور اقدامات جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
