نئی دہلی،19جنوری(ایچ ڈی نیوز)۔
شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنیک سوسائٹی اور روٹری ڈاکٹر شراف چیریٹی آئی ہسپتال قرول باغ کی مشترکہ تعاون سے مرحوم انور پیر جی باڑا ہندو را کے دفتر میں غریبوں کے لیے مفت موتیا کے آپریشن اور آنکھوں کی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔شمع این جی او کے سید شاہد نے معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہماری تنظیم گزشتہ 25 سال سے زائد عرصے سے غریب اور کمزور طبقوں کے لیے بہتر تعلیم، روزگار اور صحت کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، اسی تناظر میں آج اس کیمپ میں132 سے زائد افراد کی آنکھوں کی جانچ جدید مشینوں اور ماہرڈاکٹروں کے ذریعے کی گئی ۔اس کے علاوہ موتیا بند کے 29 سے زائد مریضوں کی رجسٹریشن اور ان کا مفت آپریشن کرنے کے انتظامات کیے گئے۔
سینئر سماجی کارکن نعیم احمد پیر جی نے کہا کہ سید شاہد راحت اور ان کی پوری ٹیم ہمارے علاقے کی ترقی اور عام لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اس لیے ہم بھی ان کے انسانی خدمت کے مشن میں شامل ہو کر اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں۔ سینئر سماجی کارکن اور سیاستدان خالد قریشی نے کیمپ میں لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم شمع این جی او اور سید شاہد راحت کے مشکور ہیں جن کی کوششوں سے یہ کام عمل میں آیا۔
قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر فہیم بیگ نے کہا کہ شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنیک سوسائٹی ایک قومی سطح کی تنظیم ہے، اس کا مقصد ملک کے ہر شہری کو اس کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، اسی لیے شمع این جی او صحت، تعلیم، روزگار کی بہتری کے لیے کام کرتی ہے۔ خواتین کی بہتری، آپسی بھائی چارے کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں، مزدوروں اور کرایہ داروں کے سرکاری دستاویزات حاصل کرنے کے لیے ایک میگا مہم ”کاغذ بنا” مہم چلا رہی ہے تاکہ وہ شخص بغیر کسی دشواری کے حکومتوں کی طرف سے دی گئی فلاحی اسکیموں کو حاصل کر سکے۔کیمپ میں آنے والے مریضوں کو آپٹومیٹرسٹ ثروت ناہید، ویژن ٹیکنیشن عرشی، ممتا، گلستاں نرس اور مزمل نے اپنی ´خدمات فراہم کیں۔کیمپ کو کامیاب بنانے میں عامر احمد، فہیم شاہد، انس قریشی، سید صادق، محمد صابر وغیرہ نے بھرپور تعاون کیا۔