بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ فلموں کی ناکامی پر باتھ روم میں بیٹھ کر روئے ہیں۔شاہ رخ خان نے گزشتہ روز دبئی میں ’گلوبل فریٹ سمٹ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے زندگی میں آنے والی ناکامیوں کا سامنا کرنے کے بارے میں بات کی۔انہوں بتایا کہ مجھے ناکام ہونے کا احساس بہت برا لگتا ہے، اس لیے جب بھی ناکام ہوتا ہوں تو باتھ روم میں بیٹھ کر بہت روتا ہوں لیکن کسی کے سامنے یہ ظاہر نہیں ہونے دیتا کہ مجھے کتنا برا محسوس ہو رہا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں اپنی کسی بھی فلم کی ناکامی پر رونے کے بعد خود کو یہ سمجھاتا ہوں کہ دنیا میرے خلاف نہیں ہے اور میری فلم باکس آفس پر اس لیے ناکام نہیں ہوئی کہ دنیا میرے کیریئر کو تباہ کرنے کے لیے کوئی سازش کر رہی ہے بلکہ اصل وجہ یہ ہے کہ میں نے اس فلم کو بناتے ہوئے کوئی غلطی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زندگی میں ایسے لمحات آتے ہیں جب انسان مایوس ہونے لگتا ہے لیکن ایسے وقت میں ہمیں مایوس ہونے کے بجائے اپنی زندگی میں آنے والی ناکامی کا سامنا کر کے آگے بڑھنا ہے۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ ناکام ہونے کی صورت میں سب سے پہلی انسان کو اپنی غلطی تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ مجھ سے اس پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے خود ہی کوئی غلطی ہوئی ہے یا میں مارکیٹنگ اسٹریٹجی کو صحیح سے سمجھ نہیں پایا۔انہوں نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ناکامی کا سامنا ہونے پر انسان کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے اور پھر اس غلطی کو زندگی میں کچھ نیا سیکھنے کا موقع سمجھ کر آگے بڑھ جانا چاہیے۔