24.5 C
Delhi
July 19, 2025
Hamari Duniya
Breaking News قومی خبریں

ایڈن پبلک اسکول جھنڈا کلاں شاہجہاں پور میں شاندار مشاعرہ کا انعقاد

Javed Mushiri
شاہجہاں،14 مارچ (ایچ ڈی نیوز)۔
گذشتہ شب 9 بجے سے ایڈن پبلک اسکول جھنڈا کلاں میں ساغر وارثی میموریل ٹرسٹ رجسٹرڈ کے زیر اہتمام ’خلد آشیانی ساغروارثی اور مرحوم محبانِ ساغر وارثی کے نام ایک شام‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں دہلی، لکھنو، ہردوئی، رامپور،مظفر نگر کے شاعروں نے شرکت کی۔
 مشاعرے کا آغاز مشاعرے کے سرپرست اختر شاہجہاںپوری، صدر مشاعرہ شاعر خالد علوی،مہمانِ خصوصی پروفیسر سید محمد نعمان ،بزرگ کوی گیانیندر موہن گیان، مہمان ذی وقار اسلم پہانوی،سید محمد رضوان احمد نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے کیا۔
Award program
اس موقع پر اختر شاہجہاںپوری، خالد علوی، پروفیسر سیّد محمد نعمان کو ڈاکٹر غلام اشرف قادری، گیانیندر موہن گیان، راشد ندیم نے ردائے ادب پیش کرکے اعزاز دیا۔
مشاعرے کا آغاز تلاوت قرآن کے بعد شاعر ظفر جلیل سلفی نے مرحوم شاعر ساغروارثی کی نعت پاک پیش کی۔اس کے بعد جی ایف کالج شعبہ تاریخ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر منصور احمد صدیقی نے مرحومین شعرا رباب رشیدی، ساغروارثی،رونق مصور، سردار آصف اور سیدہ شانِ معراج کو مختصر طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس مشاعرے میں پانچ شاعروں کوشہید وطن اشفاق اللہ خاں کے پر پوتے اشفاق اللہ خاں  و دیگر  مہمانان ذی وقار کے ہاتھوں سے ساغر وارثی ایوارڈ 2023 پیش کیا گیا۔ جاوید مشیری،ڈاکٹر طارق قمر،شاہد انجم،سلیم صدیقی اور خالد قیصر کے اسمائے گرامی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ تمام مہمان شعرا کوردائے ادب اور اعزازی اسناد کے ساتھ نشان امتیاز پیش کیا گیا۔
Mushaira
مشاعر ے میں دیر رات تک سامعین نے موجود رہ کر شعرا کے کلام کو سنا اور مشاعرے کو کامیاب بنایا۔ مشاعرے میں پڑھے گئے کلام سے چنندہ اشعار نذرِ قارئین ہیں۔
صدر مشاعرہ خالد علوی نے سنایا  ؎
اب تو بالوں میں چمکنے لگی چاندی علویؔ
اتنا رستہ بھی کسی کا نہیں دیکھا جاتا
اختر شاہجہاںپوری کا یہ شعر بہت پسند کیا گیا۔
سمجھ رہے ہو کہ بجھتا ہوا دیا ہوں میں
یقیں کرو کہ اجالوں کا سلسلہ ہوں میں
دہلی سے تشریف لائے مشہور شاعر جاوید مشیری نے سنایا  ؎
جی بھرکے دیکھنے کی تمنا ہی رہ گئی
مقتول کہہ رہا تھا کہ قاتل ہے آئینہ
ہماچل سے تشریف لائے شاعر شاہد انجم نے یوں کہا   ؎
جہاں پانی کی اُمیدیں فرشتے چھوڑ دیتے ہیں
خدا والے اسی صحرا میں بچے چھوڑ دیتے ہیں
لکھنو سے تشریف لائے معروف شاعر ڈاکٹر طارق قمر کا یہ شعر بہت سنا گیا   ؎
کاغذ کی ایک ناؤ اگر پار ہوگئی
اس میں سمندروں کی کہاں ہار ہو گئی
بارہ بنکی سے آئے شاعر سلیم صدیقی نے اپنے بہت سے اشعار سے سامعین کے دلوں پر اپنی چھاپ چھوڑی ؎
ہم کو اڑنے کے طریقے نہ سکھاؤ ہم لوگ
پیڑ سے آئے پنجرے سے نہیں آئے ہیں
  مظفر نگر سے آئے نوجوان انقلابی شاعر امجد آتش نے ان اشعار سے سامعین سے داد وصول کی   ؎
میری آنکھوں کے یہ آنسو مرے پالے ہوئے ہیں
یہ وراثت مرے جیسے ہی سنبھالے ہوئے ہیں
 لکھنو سے تشریف لائے مترنم لب و لہجے کے شاعر سلیم تابش نے یوں سنایا  ؎
اگر ارادہ ہے دل میں محکم تو کچھ بھی محال کیا ہے
تمہارے قدموں کو روک پائے کسی میں اتنی مجال کب ہے
ٍٍٍ مشاعرے کی کامیاب نظامت فرمارہے لکھنو کے نوجوان شاعر شہباز طالب نے یہ شعر سنا کر داد لوٹی  ؎
ہم سے اچھے ہیں بتکدے والے
دیکھ سکتے ہیں چھو بھی سکتے ہیں
 ہردوئی کےنو جوان شاعر سلمان ظفر کا یہ شعر پسند کیا گیا  ؎
نیک نیت سے کسی کام کاآغاز تو ہو
پھر مدد کرنے فرشتے بھی چلے آئیں گے
اُردو کے شیدائی لکھنو کے نوجوان شاعر ہرشت مصرا نے یہ شعر سنایا    ؎
ہو نہ گستاخی کوئی سو کر دیا نظروں سے دور
ہم نے بھی وہ پھول توڑا جس کی نگرانی بڑھی
ٍ نوجوان شاعر ابھشیریسٹھ تیواری لکھنوی نے یہ شعر پڑھ داد حاصل کی ؎
جنگ میں کون سا دشمن جان بچاتا ہے
اس کے عشق میں ہم نے خود کو مار دیا
رامپور کے مہمان  شاعر مظہر رامپوری نے سنایا؎
یہ نہیں معلوم تھا ایسا بھی ہوگا پیار میں 
آشنا ہوکر بھی وہ نا آشنا ہو جائےگا
پہانی ہردوئی سے تشریف لائے مشاعر ے کے نوجوان شاعر نے یہ شعر پڑھا  ؎
آپ کے کام آئے نہ آئے کوئی
آپ لیکن سبھی کا بھلا کیجیے 
آخر میں  مشاعرہ کنوینر فہیم بسمل اور عشرت صغیر نے مشترکہ طور پر سبھی حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ مشاعرے میں ڈاکٹر جاوید احمد،  سید مشہود جمال،قاضی وسیم مینائی،شہر قاضی سید سیف حسن ،سماجی کارکن محبوب احمد ادیسی ،عرفان احمد  انصاری، مشہود آفاق، کارٹونسٹ سیف اسلم خان ،ایڈوکیٹ انوپ ،تاج میاں ایڈوکیٹ،عمران سعید خاں،ماسٹر نفیس احمد،اقبال حسین پھول میاں،محمد عارف خاں،عرفان الحق،خلیق شوق،حمید خضر،عامر پرویز خاں،راجیو گوسوامی،گلستان خاں ایڈوکیٹ،سروج مشرا،پیوش شرما،وکاس سونی رتوراج،فرمان چشتی،وکاس شرما،طاہرہ راز،ایمن عرفان،ماہین عرفان،حاجی عرفان،آفاق خاں،محمد رضوان صغیر،لالت پلّو بھارتی وغیرہ شہر کی جانی مانی شخصیات موجود رہیں۔

Related posts

حج کیلئے درخواستیں قبول کرنے میں تاخیر سے مسلمانوں میں بے چینی

Hamari Duniya

بورس جانسن پھر بنیں گے برطانیہ کا وزیراعظم، لیکن راہ آسان نہیں

Hamari Duniya

وارانسی کے تاریخی علاقے ‘دال منڈی’ کے انہدام پر الہ آباد ہائی کورٹ سے اسٹے آرڈر حاصل

Hamari Duniya