نئی دہلی،21مارچ(ایچ ڈی نیوز)۔
ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کو لے کر بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آمنے سامنے ہیں۔ پی سی بی اس سال ہونے والے اس ٹورنامنٹ کو اپنے ملک میں کرانے کے حق میں ہے، وہیں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ اسے کسی دوسرے ملک میں کرانے کا بیان دے چکے ہیں۔ ایسے میں دونوں ممالک کے کئی کرکٹراس معاملے میں بیان دے چکے ہیں۔
اب اسی درمیان سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اس سلسلے میں اپیل کی ہے۔
سپورٹس ٹاک کو دیے گئے انٹرویو میں شاہد آفریدی نے پی ایم مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے اور دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ میچ کھیلا جائے۔ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ آفریدی نے پاکستان میں سیکیورٹی کے بارے میں کہا کہ ابھی حال ہی میں کئی بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں ہمارے ملک کا دورہ کر چکی ہیں۔ آفریدی کا کہنا ہے کہ ‘ہمیں بھی بھارت میں سیکیورٹی کا خطرہ تھا، اس کے بعد دونوں ممالک کی حکومت اجازت دے تو ضرور دورہ کریں گے۔ اپنے انٹرویو میں انہوں نے پی ایم مودی سے درخواست کی کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ ہونے دیں۔’
شاہد آفریدی سے پوچھا گیا کہ کیا پی سی بی کمزور ہے؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘پی سی بی کمزور نہیں ہے، لیکن سامنے سے کچھ ردعمل آنا چاہیے۔ اگر میں آپ سے دوستی کرنا چاہتا ہوں اور آپ مجھ سے دوستی نہیں کرنا چاہتے تو میں کیا کرسکتا ہوں؟ آفریدی نے پی سی بی کو کمزور بھی نہیں کہا اور بی سی سی آئی کو مضبوط بورڈ قرار دیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک مضبوط شخص پر زیادہ ذمہ داری ہوتی ہے۔
