دیوبند،10 دسمبر(ایچ ڈی نیوز)
اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیوی تعلیم بھی دیں۔ والدین اور سرپرستوں کو اپنے بچوں کی تعلیم میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز دیوبند پہنچے پنجاب کے شاہی امام اور معروف عالم دین مولانا عثمان لدھیانوی نے محلہ پٹھانپورہ میں منعقد ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ تعلیم ایک ایسا مضبوط ہتھیار ہے جس سے پوری دنیا کو فتح کیاجاسکتاہے، انہوںنے کہاکہ دینی تعلیم ہماری بنیاد اور اساس ہے لیکن موجودہ زمانہ کے اعتبار سے دنیاوی تعلیم بھی لازمی ہے کیونکہ موجودہ دور میں دنیوی تعلیم سے ناواقف رہ کر اچھا کیریئر بنانا ممکن نہیں ہے۔
شاہی امام نے کہا کہ تعلیم کے اندر تفریق نہیں ہونی چاہئے بلکہ ہمیں اپنے بچوں کو تمام علوم سے روشناس کرانا چاہئے اور ہماری پوری توجہ اعلیٰ تعلیم پر ہونی چاہئے ،جہاں معاشرہ کو ایک مفتی،خطیب،مولانا اور حفاظ و ائمہ کی ضرورت ہے وہیں معاشرہ میں ڈاکٹر، انجینئر اور سائنس دانوں کی بھی ضرورت ہے، اسلئے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم دینا اور انہیں مہذب اور باادب بنانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھائی چارہ کو مضبوط کئے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، اسلئے وطن کی مضبوطی اور ترقی کے لئے بھائی چارہ اور آپسی اتحاد ضروری ہے۔
مولانا لدھیانوی نے کہا کہ آپسی بھائی چارہ اور محبت ہندوستان کی روایت رہی ہے اور اس روایت کو برقرار رکھنے اور مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لئے ملک کے ہر شہری کو اپنا تعاون پیش کرنا چاہئے۔آخر میں انہوں نے ملک و ملت کے لئے دعائے کرائی۔ اس دوران سماجی کارکن عارف انصاری اور رضوان انصاری سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجودرہے۔