پسماندہ برادریوں کی ترقی سے ہی ملک ترقی یافتہ بنے گا:شبیر احمدانصاری
نئی دہلی ؍ممبئی8نومبر(ایچ ڈی نیوز)۔
پدم شری برہما دیو پنڈت، انکش مالوسرکے بدست بھارتیہ پروگرام میں آل انڈیا مسلم او بی سی آرگنائزیشن کے قومی صدر شبیر احمد انصاری کو مہاتما گاندھی گورو سمان 2023 ایوارڈ سے سرفراز کیا۔
آل انڈیا مسلم او بی سی آر گنائزیشن کے قومی صدر شبیر احمد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری تحریک کسی ایک سماج یا ایک برادری کے لیے کبھی نہیں رہی ہے بلکہ ہم نے تمام پسماندہ دبے کچلے طبقہ کے لیے اخلاص کے ساتھ کام کیا ہے ۔تعمیری کام کرنے سے اللہ کی مدد حاصل ہوتی ہے اور بندوں کا بھی مکمل ساتھ ملتا ہے ۔ہم نے جس جس سماج اور طبقہ کے لیے آواز اٹھائی ،اس کے لیے سرکار سے مطالبہ کیا سرکار نے اس پر مکمل اعتماد جتاتے ہوئے اس مطالبے کو پورا کیا ہے۔کیونکہ سرکار کام کرنا چاہتی ہے اس کے پاس تمام ہندوستانیوں کے لیے اسکیمیں ہیں لیکن وہاں تک پہنچنے اور اسے حاصل کرنے والے نہیں ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اقلتیوں اور پسماندہ برادریوں اور ذاتوں کے بہت سے فنڈ واپس ہوجاتے ہیں ۔
سماج کی باتوں کو سلیقے سے اٹھانے والے سماجی رہنما کی کمی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ میں نے اس بیڑے کو اٹھانے کا سنکلپ لیا اور مسلسل چالیس برسوں سے اس کام میں لگا ہوا ہوں۔پسماندہ برادریوں کے لیے کسی کو تو اٹھنا ہی پڑے گا ۔الحمد اللہ جس طرح ہماری تحریک نے پسماندہ برادریوں کے لیے کام کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔آج پورے ہندوستان میں پسماندہ برادریوں کو جو کچھ مراعات میسر ہیں یہ ہماری تحریک کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ او بی سی آرگنائزیشن گزشتہ چالس سالوں سے کام کررہا ہے۔ اس آرگنائزیشن کی وجہ سے لاکھو ں مسلم ا و بی سی بردارویوں کے لوگوں،نوجوانوں کوتعلیمی،سیاسی،سماجی اور معاشی اعتبار سے فائدہ پہنچا ہے جو ملک کے کسی بھی تنظیم و تحریک سے نہیں پہنچا ہے۔
ہمارے سماج کوایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو تا عمر اپنی کوشش سے پسماندہ برادری کو سماج میں معاشی ،سماجی اعتبار سے اوپر اٹھانے کے لیے انتھک محنت اور کاوش کریں۔ملک بھر میں موجود پسماندہ برداریوں کی ذات کو سرکاری سطح پر سناخت کروانے اور حکومتی مراعات دلانے میںہم نے پوری ایمانداری سے کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے ہمیں سماج کی خدمت کے لیے منتخب کیا ہے ،یہ ہمارے لیے بہت بڑی سعادت کی بات ہے۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہماری خدمات کو قبول فرمایے اور ہماری قوم کے پسماندہ برادریوں کواوپر اٹھانے میں ہماری مدد کرے ۔آمین