نئی دہلی، 20 نومبر: معروف سینئر حج رضاکار حاجی ریاض الدین نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اسمرتی ایرانی سے جلد از جلد حج فارم جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج فارم جاری ہونے میں بڑی تاخیر دیکھنے کو ملی جس کے باعث حج درخواست گزاروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے مرکزی وزیر سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سفر حج کو سستا کرنے کے لئے گلوبل ٹینڈر کیا جائے ، سعودی عرب میں رہائش اور معلم فیس میں بھی کٹوتی کی جائے تاکہ عازمین حج کی جیب پربار کم پڑےنیز حج انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ گزشتہ برس سعودی عرب میں عازمین حج کو کافی پریشانیاں اٹھانی پڑیں اس کو خصوصی طورپر ملحوظ رکھاجائے کہ عازمین کو وہاں تمام تر سہولیات فراہم ہوں ۔ حاجی ریاض الدین نے مزید کہا کہ پورے ملک میں سفر حج کے دوران حج رضاکار عازمین کی خدمت کرتے آرہے تھے لیکن گزشتہ برس ان کو خدمات سے روک دیا گیا۔ حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے بھی عازمین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا لہذا اس بار حج رضاکاروں کو عازمین کی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس مودی حکومت کا بنیادی نعرہ تھا اس نعرہ کو ملحوظ رکھا جانا چاہئے اور سفر حج کے دوران حج رضاکاروں کو بھی ساتھ رکھنا چاہئے، ان پر وشواس کرنا چاہئے کیوں کہ رضاکار کئی دہائیوں سے عازمین کی بے لوث خدمت کرتے آرہے ہیں ان کو ساتھ نا لینا مودی حکومت کے نعرہ کوجھوٹا ثابت کرنے جیسا ہے۔
حاجی ریاض الدین نے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چئیرپرسن کوثر جہاں سے بھی سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس نعرے پر عمل کرنے کی گزارش کی۔ انہوِِں نے کہا کہ دہلی میں یہ روایت رہی ہے کہ حج کمیٹی حج کے دوران رضاکاروں پر وشواس کرتے ہوئے ان کو ساتھ لیتی ہے انہیں چاہئے کہ وہ حج کمیٹی کے افسران سے اس بابت معلومات حاصل کریں اور ان رضاکاروں کو خدمت کا موقع دیں جو برسوں سے عازمین کی خدمت کررہے ہیں۔ رضاکار خدمت کے عوض میں کسی صلہ کی تمنا نہیں کرتے وہ اپنا مال اور وقت لگاتے ہیں۔