نئی دہلی، 11 مارچ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نو مقرر کردہ قومی جنرل سکریٹری سید ناصر حسین نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد جلد از جلد جموں و کشمیر اور لداخ کا دورہ کریں گے اور دونوں ریاستوں میں تنظیم کو تیزی سے مضبوط کرنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ سید ناصر حسین نے کہا کہ جب سے وہ قومی جنرل سکریٹری مقرر ہوئے ہیں، جموں کشمیر اور لداخ کے قائدین ان سے مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انہیں اپنی اپنی ریاستوں کے مسائل سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ تنظیم کو موثر اور کامیاب بنانے کے ناصر حسین کے ارادے کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے میں بھی مصروف ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سید ناصر حسین نے دہلی میں کانگریس پارٹی کےسینئر رہنما اور قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بتایا کہ قومی جنرل سکریٹری بننے کے بعد راہول گاندھی سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی اور اس ملاقات کے دوران راہول گاندھی نے جموں کشمیر اور لداخ کے بارے میں ان سے طویل گفتگو کی اور راہل گاندھی نے دونوں ریاستوں میں کانگریس کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی رہنمائی بھی کی اور اس موقع پر راہول گاندھی نے جموں اور کشمیر کی سیاست کو بھی بہت قریب سے سمجھا اور راہول گاندھی نے کشمیر میں ہی پورے ہندوستان کو جوڑنے والی “بھارت جوڑو نیا یاترا” کا اختتام کیا تھا۔
آپ کو بتا دیں کہ سید ناصر حسین اس وقت راجیہ سبھا کے رکن، کانگریس پارٹی کے ترجمان اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن کے ساتھ کئی اہم عہدوں پر کام کر رہے ہیں اور اپنے طالب علمی کے زمانے سے ہی کانگریس میں سرگرم ہیں، سید ناصر حسین نے کانگریس قیادت، خاص طور پر راہول گاندھی، ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی کا شکریہ ادا کیا۔
