نئی دہلی، 20 مئی (ایچ ڈی نیوز)۔
ملک کے سب سے بڑے پبلک سیکٹر بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے 2000 روپئے کے نوٹ تبدیل کرنے کے لئے ایک گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ ایس بی آئی نے بینک سے کہا کہ نوٹ بدلنے کے لئے کوئی شناختی کارڈ دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے لئے کوئی فارم نہیں بھرنا پڑے گا۔ ایک وقت میں دو ہزار روپئے کے 10 نوٹ تبدیل کئے جا سکتے ہیں۔
ایس بی آئی نے اتوار کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں یہ جانکاری دی ہے۔ اسٹیٹ بینک نے یہ وضاحت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے بعد جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 2000 روپئے کے نوٹ بدلنے کے لئے شناختی کارڈ دکھانے کے ساتھ ایک فارم بھرنا ہوگا۔اسٹیٹ بینک نے اپنے تمام مقامی ہیڈ آفسز کے چیف جنرل منیجروں کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عام لوگوں کو ایک وقت میں 2000 روپئے کے نوٹ بدلنے کے لئے کسی طرح کے فارم بھرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ بینک کی جانب سے 20 مئی کو جاری کردہ خط کے مطابق نوٹ کی تبدیلی کے وقت کوئی شناختی ثبوت پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسٹیٹ بینک نے بینک کے مقامی افسران سے کہا ہے کہ وہ عوام کی ہر ممکن مدد کا بندوبست کریں۔
قابل ذکر ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے اس ہفتے 2000 روپئے کے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آر بی آئی نے عوام کو 23 مئی سے 30 ستمبر تک کا وقت دیا ہے کہ وہ ان نوٹوں کو بینک کھاتوں میں جمع کرائیں یا تبدیل کریں۔ ریزرو بینک کے مطابق، 2000 روپئے کے نوٹ 30 ستمبر تک قانونی ٹینڈر رہیں گے، جب کہ 500 اور 1000 روپئے کے نوٹ نومبر 2016 کی نوٹ بندی میں راتوں رات غیرقانونی ٹینڈر قرار دئے گئے تھے۔