نئی دہلی ، 16 جولائی (ایچ ڈی نیوز)۔
سوسائٹی فار برائٹ فیوچر( ایس بی ایف ) کی دہلی کی ٹیم نے شمال مشرقی دہلی کے سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے گڑھی مینڈو، کھجوری، سونیا وہار، بدر پور (یوپی/دہلی) اور دیگر علاقوں میں کیمپ میں رہ رہےلوگوں سے ملاقات کی۔ ایس بی ایف نے سیلاب زدہ سونیا وہار میں تقریباً 400 افراد کے درمیان کھانے پینے کی اشیا تقسیم کیں۔ اس کے علاوہ ٹیم نے وہاں ان کے مسائل اور ضروریات سے متعلق ایک سروے رپورٹ تیار کی ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائی میں تیزی کی ضرورت ہے۔ لوگ مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ بالخصوص غذائی قلت کا سامنا ہے۔ اس پر توجہ کی ضرورت ہے۔
ٹیم کے انچارج ذیشان خان کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں ایک بڑی آبادی متاثر ہے اور یہاں کے لوگوں کو خوراک اور عارضی رہائش کی شدید ضرورت ہے۔ حالانکہ ان مقامات پر پانی آہستہ آہستہ کم ہونے لگا ہے جو کہ راحت کی علامت ہے لیکن یہاں کی متاثر آبادی کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں یہاں کے لوگ بڑے پیمانے پر وبائی امراض کا شکار ہو سکتے ہیں۔ اس لئے ایس بی ایف نے ان علاقوں میں طبی کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹیم میں دہلی ایس بی ایف کے سابق کنوینر ثاقب خان، سونیا وہار ایس بی ایف ایریا کنوینر آزاد چودھری اور رزق وغیرہ شامل تھے۔
