16.1 C
Delhi
January 21, 2025
Hamari Duniya
Breaking News بین الاقوامی خبریں سعودی عرب

سعودی عرب نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کردیا، امریکی وزیرخارجہ کے سامنے اسرائیلی بربریت کی مذمت

Saudi Arab

ریاض،15اکتوبر(ایچ ڈی نیوز)۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ریاض میں امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن سے ملاقات میں سعودی عرب کی طرف سے غزہ سے فلسطینی عوام کی جبری نقل مکانی کے مطالبے کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کرنے اور شہریوں کو کسی بھی شکل میں نشانہ بنانے کی مذمت کا اعادہ کیا۔انہوں نے انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے غزہ اور گرد ونواح میں فوری جنگ بندی، غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرنے، خوراک اور ادویہ جیسی فوری انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کام کرنے، شہریوں کے خلاف تشدد اور ہر قسم کی فوجی کشیدگی کو روکنے کے حوالے سے تیزی سے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شہزادہ فیصل نے غزہ کی پٹی میں بڑھتے ہوئے تشدد کے سلسلے کو روکنے کے لیے اجتماعی کوششوں کے لیے مملکت کے مطالبات کی تجدید کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دینے کے لیے غزہ میں جنگ بندی کا نفاذ ضروری ہے۔امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر شہزادہ فیصل بن فرحان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری تشدد کو مسtقل بنیادوں پر ختم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ’ہماری پہلی ترجیح مزید انسانی المیہ کو ہونے سے روکنا اورامن مذاکرات کا آغاز کرانا ہے۔ کوشش ہے کہ کم از کم سیز فائر کرایا جائے‘۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا ’غزہ میں صورتحال بہت مشکل ہے اور وہاں ہونے والی انسانی نقصانات کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنا ہے تاکہ شہریوں تک امدادی کی رسائی کو یقینی بنایا جاسکے‘۔انہوں نے کہا’یہ ایک حساس اوراہم معاملہ ہے۔ اسے بین الاقوامی قوانین کے مطابق حال کیا جانا ضروری ہے‘۔
غزہ میں امدادی اشیا کی ترسیل کے حوالے سے انہوں نے کہا’انسانی المیہ سے بہتر طور پرنمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کے لیے امدادی اشیا کی فراہمی کے امور کو یقینی بنایا جائے‘۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا’اسے مدنظر رکھا جانا چاہئے کہ ہمیشہ دونوں فریقوں کے عمل کی قیمت عام شہریوں کی جانب سے ادا کی جاتی ہے۔ اس لیے فوجی کشیدگی کو روکنے کے لیے جلد کوئی ٹھوس راستہ تلاش کیا جانا ضروری ہے‘۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی فوجی کشیدگی کے درمیان شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔انٹونی بلینکن نے یہ ریمارکس سنیچر کو ریاض میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے دوران دیے۔ اس ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزراءنے کہا کہ ان کے ممالک شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن لانے سمیت مشترکہ مفاد کے دیگر امور پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امداد کو غزہ میں شہریوں تک پہنچنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور محفوظ علاقے قائم کیے جانے چاہییں۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ فلسطینی مسلح گروپ حماس ’فلسطینی عوام اور ان کی امیدوں کی نمائندگی نہیں کرتا ہے۔‘

Related posts

مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت دو حصوں میں تقسیم

الزام تراشی کا سلسلہ شروع،تنظیم کے ایک گروپ نے میڈیا پر الزامات عائد کیے۔:

Hamari Duniya

فلموں کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلانا مطلب معیشت کو نقصان پہنچانا اور لوگوں کو بے روزگاربنانا

Hamari Duniya

گنگا ایکسپریس وے ملک کی خوشحالی اور سلامتی کا ضامن

Hamari Duniya