جدہ،16دسمبر۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان کے زیر سرپرستی سال 2025 میں حج کی تیاریوں اور ترجیحات کے تعین کے لیے سالانہ حج کانفرنس 13 سے 16 جنوری تک جدہ میں منعقد کی جائے گی۔ یہ حج کانفرنس اور نمائش کے چوتھے ایڈیشن کا اہتمام ہوگا۔اس کانفرنس میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی میزبانی میں 87 ممالک کے وزراء، سفراء، ماہرین تعلیم، تکنیکی و دیگر ماہرین، سفارت کار اور نجی اور سرکاری اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔
خبر رساں ادارے ‘ سعودی پریس ایجنسی’ کی رپورٹ کے مطابق کانفرنس کا مقصد عازمین حج کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھانا، مختلف ممالک کے تجربات کے تبادلے کو باہم فروغ دینا اور مکہ اور مدینہ میں حج کے امور سے وابستہ کمپنیوں کے درمیان شفافیت و مسابقت کی فضا بڑھاناہے۔’ ایس پی اے ‘ نے مزید کہا سالانہ حج کانفرنس میں 100 سے زیادہ مقررین خطاب کریں گے۔ جبکہ کانفرنس کے کئی سیشن ہوں گے اور 47 پینل مختلف امور پر باہمی تبادلہ خیال اور تجربات کی شیئرنگ کریں گے۔نیز 50 مختلف موضوعات پر ورکشاپس ہوں گی تاکہ حج خدمات کو بڑھانے کے چیلنجوں سے نمٹنے اور حج کے شعبے میں اختراعی منصوبوں کی حمایت کرنے کے طریقے اختیار کیے جا سکیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس بین الاقومی حج کانفرنس کے علاوہ جدہ میں ہی 50000 مربع میٹر کے رقبے پر ایک خصوصی نمائش کا انعقاد کیا جائے گا۔جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 280 نمائش کنندگان مناک حج کی ادائیگی کے دوران عازمین کی آسانی کے لیے مصنوعی ذہانت جیسی جدید ترین ٹیکنالوجیز سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولتوں کی نمائش کریں گے۔تازہ ترین کانفرنس ایڈیشن کے نتیجے میں حج خدمات کو بہتر بنانے کے لیے 202 تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور 87 ممالک سے ایک لاکھ زائرین کو دعوت دی گئی ہے۔ جن میں ان ملکوں کے متعلقہ وزرائ، سفراءاور دیگر حکام بھی شامل ہیں۔
یہ کانفرنس عازمین حج کے لیے خدمات اور سہولیات کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے کردار ادا کرے گی۔ مختلف ملکوں اور طبقات کو پیش آنے والے مسائل کے حل پیش کرے گی۔ مزید یہ کہ حج کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیز کے درمیان مسابقت اور شفافیت بڑھانے کے لیے تجاویز پیش کرے گی۔