16.1 C
Delhi
January 21, 2025
Hamari Duniya
Breaking News بین الاقوامی خبریں سعودی عرب

غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری سے سعودی عرب شدید برہم، بتایا گھناونا جرم، مختلف ملکوں کی شدید مذمت 

Saudi Arabia

ریاض،18اکتوبر۔  سعودی عرب نے غزہ میں ہسپتال الاھلی المعمدانی“ پر اسرائیلی قابض فوج کی بمباری کو گھناونا جرم قرار دے دیا۔ سعودی عرب کے علاوہ ترکیہ، عمان، قطر اور مصر اور دیگر ملکوں نے بھی اس انسانیت سوز حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کردی ہے۔ اسرائیلی فوج نے حملہ کرکے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں نہتے فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیا ہے۔جاری بیان میں کہا گیا سعودی عرب اس وحشیانہ حملے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتی ہے۔ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون سمیت تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اسرائیل نے متعدد بین الاقوامی اپیلوں کے باوجود شہریوں کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنانا جاری رکھا جو قابل مذمت ہے۔ 

سعودی عرب نے کہا یہ خطرناک پیشرفت بین الاقوامی برادری کو مجبور کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کو لاگو کرنے میں دوہرے معیارات کو ترک کردیں۔سعودی عرب نے غزہ میں پھنسے شہریوں تک خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لیے سعودی عرب اور تنظیموں کی جانب سے شروع کی گئی اپیلوں کے جواب میں فوری طور پر محفوظ راہداری کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔اسرائیل کی سفاکانہ کارروائی پر رد عمل دیتے ہوئے اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ایک ایسے خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے جو خطے کو ناپسندیدہ نتائج کے ساتھ تباہی کی طرف لے جائے گی۔ 

شاہی عدالت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو خونریزی کا سلسلہ بند کرانا چاہیے۔ یہ حملہ انسانیت کی توہین ہے۔ فلسطینی صدر کے ترجمان نے ہسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری کو نسل کشی کا جرم اور انسانی تباہی قرار دیا۔خلیجی ریاستوں نے اس بمباری کی شدید مذمت کی۔ متحدہ عرب امارات اور روس نے ہسپتال پر بمباری کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور اتنے بڑے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ منامہ میں بحرین کی وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ اور پیاروں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔سلطنت عمان نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے غزہ شہر کے ہسپتال پر بمباری کی صورت میں جو کچھ کیا گیا وہ جنگی جرم اور نسل کشی کی نمائندگی کرتا ہے۔دوحہ میں قطری وزارت خارجہ نے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ وحشیانہ قتل عام بے۔ خلیج تعاون کونسل نے بھی سپتال پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ جو کچھ کیا گیا یہ اسرائیلی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا کھلا ثبوت ہے۔ 

اسرائیل کو ثبوت فراہم کرنا چاہیے کہ اس نے غزہ کے اسپتال پر حملہ نہیں کیا: روس
روس کی وزارتِ خارجہ نے بدھ کے روز کہا کہ غزہ کے ایک اسپتال پر حملہ جس میں سینکڑوں فلسطینیوں کی موت واقع ہوئی ایک چونکا دینے والا جرم تھا۔ اور مزید کہا کہ اسرائیل کو یہ ثابت کرنے کے لیے سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنی چاہیے کہ وہ اس حملے میں ملوث نہیں تھا۔وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے ریڈیو سپوتنک کو بتایا کہ یہ حملہ ایک حیران کن غیر انسانی” جرم ہے۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے سپٹنک ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارے اندازے کے مطابق یہ حملہ ایک جرم ہے اور ایک غیر انسانی عمل ہے۔غزہ کے ہسپتال پر حملے کے بعد بین الاقوامی برادری بالخصوص سعودی عرب، اردن، ترکیہ، عمان، قطر، مصر اور خلیج تعاون کونسل نے حملے کی مذمت کی تھی۔فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے حملے پر تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا۔اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملوں کے نتیجے میں سات اکتوبر سے اب تک تین ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

Related posts

 ہندوستان مشرقی وسطی میں’بڑے کھلاڑی’ کے طور پر ابھر رہا ہے: امریکی میگزین کی رپورٹ

Hamari Duniya

دوست کی بیٹی کی فلم اسکریننگ میں پہنچیں ریکھا نے دیسی انداز میں ڈھایا قہر

Hamari Duniya

غزہ کے اسپتال پراسرائیل کا وحشیانہ حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے: جماعت اسلامی ہند

Hamari Duniya