غزہ،13نومبر۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے تباہ حال غزہ کے لیے پہلا امدادی قافلہ غزہ پہنچ گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس امدادی قافلے نے اتوار کے روز رفح کی راہداری عبور کی ہے۔
خیال رہے غزہ میں چھٹے ہفتے میں داخل اسرائیلی بمباری سے اب تک گیارہ ہزار سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جان سے ہاتھ دھونے والوں میں بڑی تعداد فلسطینی عورتوں اور بچوں کی ہے، جبکہ دوتہائی آبادی بے گھر ہو کر نقل مکانی کر چکی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان کی طرف سے غزہ کے لوگوں کے لیے بھجوائی امداد میں خوراک کے علاوہ خیمے وغیرہ بھی شامل ہیں۔ یہ خیمے سعودی عرب کے قومی امدادی پروگرام کا حصہ ہیں جو شاہ سلمان کی ہدایت پر مملکت میں شروع کیا گیا پروگرام ہے۔ پروگرام اسی ماہ فلسطینیوں کے لیے شروع کیا گیا ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے امدادی سامان کے ساتھ مصر کے العریش ہوائی اڈے پر ہفتے کے روز بھی ایک سعودی طیارہ اتر چکا ہے۔سعودی عرب کا یہ ‘ انیشیٹو ‘ فلسطینیوں کے لیے اس کمٹمنٹ کا مظہر ہے جو مملکت کی طرف سے فلسطینیوں کو ہمیشہ کڑے وقت پر فراہم کی جانے کے حوالے سے ہے۔