روہتک، 22 جون ( ایچ ڈی نیوز)۔
مرکزی وزیر سنجیو بالیان کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سابق گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ سنجیو بالیان کے خاندان کو کئی بار میں نے تھانے سے رہا کروا یا ہے۔اگر ہمت ہے تو سنجیو بالیان پارٹی چھوڑ کر سروائیو کر کے دکھائیں۔ جمعرات کو سابق گورنر ستیہ پال ملک سامپلا کے چھوٹورام میوزیم میں منعقد ہ کسان کمیرا مہاپنچایت میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں سے بی جے پی کو شکست دینے والوں کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہیں اور میں بھی اس کے لئے کوشش کر رہا ہوں۔ اتنا ہی نہیں اس پنچایت میں پہنچے کسان لیڈر گرنام چڑھونی نے بھی 2024 کے الیکشن لڑنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا ہے۔ دراصل حال ہی میں مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے ستیہ پال ملک کے بارے میں کہا تھا کہ انہوں نے ایسی کوئی بھی پارٹی نہیں چھوڑی ہے جس میں وہ نہ گئے ہوں اور انہیں گورنر کے عہدہ پر رہتے ہوئے پلوامہ کے حوالے سے آواز اٹھانی چاہئے تھی۔ اس کے جواب میں سابق گورنر ستیہ پال ملک غصے میں آگئے اور انہوں نے سنجیو بالیان کے لیے یہ تک کہہ دیا کہ انہوں نے سنجیو بالیان کے اہل خانہ کو کئی بار تھانے سے رہا کروایا ہے۔اگر سنجیو بالیان میں ہمت ہے تو وہ پارٹی چھوڑ کر کسی اور پارٹی میں جائیں اورسروائیو کر دکھا ئیں۔ بی جے پی کے لوگ تو پاگل ہیں اور وہ لکھنا پڑھنا نہیں جانتے۔ میں نے گورنر کے عہدے پر رہتے ہوئے پلوامہ جیسے معاملات کو اٹھایا تھا۔ستیہ پال ملک نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے اپوزیشن کو متحد ہونا ہوگا اور اس کے لیے وہ کوشش بھی کررہے ہیں۔
وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کانگریس کسی ضد پر نہیں ہے، وزیر اعظم کے عہدے کا فیصلہ انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ ملک نے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران جینت چودھری کی حمایت بھی کریں گے کیونکہ وہ اس پارٹی میں رہے ہیں۔ کسان لیڈر گرنام چڑھونی بھی اس پنچایت میں پہنچے اور کہا کہ اقتدار میں پہنچ کر ہی کسانوں کے مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے 2024 کے انتخابات میں کسانوں کو انتخابی میدان میں اترنا ہوگا اور اس کے لیے وہ حکمت عملی بھی تیار کریں گے۔ اگر بی جے پی کو ہرانے کے لیے کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ جانا پڑے تو اس کے بارے میں بھی سوچا جا سکتا ہے۔
