سیلم پور اسمبلی حلقہ سے آپ کے امیدوار چودھری زبیر احمد کی حمایت میں کلیان سنیما پر منعقد جلسہ سے سنجے سنگھ کا خطاب
نئی دہلی: 30 جنوری: 5 فروری 2025 کو دہلی میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کو لیکر آج عام آدمی پارٹی کے اُمیدوار چودھری زبیر احمد کی حمایت میں ایک پر وقار جلسہ کا انعقاد کلیان سنیما چوہان بانگر میں کیا گیا۔اس جلسہ میں مہمان خصوصی کے طور پر راجیہ سبھا رکن اور آپ پارٹی کے سینئر لیڈر سنجے سنگھ نے شرکت کی۔جلسہ کی صدارت سید صابر علی، حاجی تسلیم علی نے کی جبکہ نظامت حاجی سر فراز اور سید ناصر جاوید نے مشترکہ طور پر کی۔اس موقع پر سنجے سنگھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ سیلم پور سے عام آدمی پارٹی نے ایک ایسا اُمیدوار میدان میں اتارا ہے جو عوام کی خدمت کرنے کا بھر پور جذبہ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں کی بھیڑ بتا رہی ہے کہ آنے والی 5 تاریخ کو سبھی زبیر احمد کو رکارڈ توڑ جیت دلائیں گے۔سنجے سنگھ نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ کہتے ہیں ہمارے حساب سے سوچوں ہمارے حساب سے چلو، ہمار ے آگے جھک کر رہو، لیکن میں کہتا ہوں مودی جی یہ ملک بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کا ملک ہے۔ یہاں آئین ہے اور یہ ملک آئین کے مطابق چلے گا۔انہوں نے کہاکہ مرکز کی مودی حکومت نے عوام کے تئیں بے رخی دکھاتے ہوئے اڈانی کو مضبوط بنانے کا کام کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب عام آدمی پارٹی اور ہم سب کے لیڈر اروند کیجریوال عوام کے مدعوں کی بات کرتے تھے تو بی جے پی کے لوگ کہتے تھے یہ ناممکن ہے لیکن جب دہلی کے عوام نے ہم پر یقین کیا اور ہم نے چناؤ میں جتنے بھی وعدے کئے ان کو وقت سے پہلے پورا کرکے دکھایا۔ آج دہلی میں بہتر تعلیم، خواتین کیلئے مفت سفر، اچھا علاج، مفت بجلی اور دوسری سہولیات سیدھے طور پر دہلی کے عوام کو مل رہی ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ دہلی کے عوام 2025 کے انتخاب میں بھی کام کرنے والی اور لوگوں کی ہمدرد پارٹی کو ووٹ دیں گے۔سینئر لیڈر حاجی افضال اور آپ لیڈر ندیم احمد نے مشترکہ طور پر اپنی تقریر میں کہاکہ ہمیں علاقے کی ترقی و خوشحالی کو دیکھتے ہوئے اپنا فیصلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجھے معلوم ہے دوسرے لوگ جگہ جگہ لوگوں کو گمرہ کن باتیں بول رہے ہیں لیکن سیلم پور کے عوام جانتے ہیں کہ جب جب علاقے والوں پر مصیبت آئی تو جن لوگوں کے ہاتھوں میں سیلم پور کی قیادت تھی وہ اپنے گھروں میں چھپ کر بیٹھ گئے۔ ہمیں کسی کے بہکاوے میں نہ آکر مضبوط قیادت کیلئے ووٹ دینا ہے۔
امیدوار چودھری زبیر احمد نے کہا کہ بدلتے دور کے ساتھ جس تیزی سے سیلم پور اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کام ہونے چاہئے تھے وہ اب تک نہیں ہو پائیں ہیں۔ یہاں کا بڑا اسپتال جگ پر ویش کی آج کیا حالت ہے وہ آپ سبھی جانتے ہیں ہم اسپتال کو بہتر بنائیں گے تاکہ سیلم پور اسمبلی حلقہ کے لوگ آسانی سے اپنا علاج کرا سکیں۔ چودھری زبیر احمد نے کہاکہ آج پورے سیلم پور میں جگہ جگہ سیور جام ہیں جن میں سے گندگی نکل رہی ہے اور موجودہ رکن اسمبلی اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ کر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ میرا اپنا حلقہ ہے اور یہاں کے لوگ میرے اپنے لوگ ہیں اور یہاں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
تاہم کامیاب ہونے کے بعد کسی کو بھی شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔ سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد نے کہا کہ علاقے کی خدمت کرنا ہمار ا پہلا فرض ہے اور موجودہ رکن اسمبلی ہمیشہ کام سے بھاگتے ہوئے نظر آتے ہیں آج علاقے کی کیا حالت ہے اس کو ہم سب اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ہمیں بدلاؤ کیلئے موثر فیصلہ کرنا ہوگا اور مجھے امید ہے کہ آپ لوگ ہمارا ساتھ ضرور دیں گے۔ اہم شرکا میں سید ناصر جاوید، سید انصار، خورشید بھاٹی، شفیق خان، شاہد خان، آباد خان، آصف خان، مقصود جمال، اشرف بابا، حاجی مختار علی، چودھری ابرار، مقیم انصاری، ذکی انصاری، عادل سلمانی، چودھری صابر، زاہد مستری، بابی، ندیم شیخ، چاند خان، عاقل ہاشمی، فہمیدہ بانو، سونم ورما، افسر خان، حاجی مخدوم، خلیل سلمانی کے نام قابل ذکر ہیں۔
