نئی دہلی، 17نومبر(ایچ ڈی نیوز)۔
ایم سی ڈی چنائو کا بگل بج چکا ہے۔ ہر پارٹی اپنے اپنے حساب سے دعوے کررہی ہے، لیکن ان کے برعکس عام آدمی پارٹی نے اس چنائو میں اپنے عملی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دہلی کے لوگوں کو مفت بجلی ، پانی اور عالمی معیار کی صحت اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی نے دہلی کے لوگوں سے اس چنائو میں دہلی کو صاف ستھرا بنانے کے لئے ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ ذاکر نگر وارڈ نمبر 189 سے عام آدمی پارٹی کی رہنما سلمیٰ عارض خان نے آج اپنے انتخابی کمپین کے دوران لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور ذاکر نگر وارڈ سے عام آدمی پارٹی کو کامیاب بنائیں ۔ سلمیٰ عارض خان نے کہاکہ عام آدمی پارٹی اکیلی پارٹی ہے جس نے عملی طور پر دہلی کے لوگوں کیلئے سنجیدگی سے کام کیا ہے، اور ان کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی میں مفت بجلی اور پانی لوگوں کیلئے ایک عظیم نعمت ہے۔ سلمیٰ عارض خان نے کہا کہ عوام نے ان لوگوں کو بھی دیکھ لیا جنہوں نے گذشتہ پندرہ سالوں کے اقتدار میں ذاکر نگر وارڈ کو کوڑے اور گندگی کا انبار بنا دیا ۔ انہوںنے کہا کہ جس طرح ہماری پارٹی نے دہلی میں تبدیلی لانے کاکام کیا ہے ،اسی طرح جیتنے کے بعد ہم ذاکر نگر وارڈ کے لوگوں کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے اور پوری طاقت کیساتھ ایم سی ڈی کی تمام تر خدمات سے وارڈ کے لوگوں کو فیضاب کریں گے۔ سلمیٰ عارض خان نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ذاکر نگر کے لوگ بس 4 دسمبر کی تاریخ کا انتظار کررہے ہیں اور انہوںنے من بنا لیا ہے کہ اس بار بدلائو لانا ہے اور پوری طاقت کیساتھ وہ عام آدمی پارٹی کو جتانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان اور خواتین کی بڑی تعداد کی عام آدمی پارٹی کو حمایت مل رہی ہے۔