ماسکو،یکم جولائی(ایچ ڈی نیوز)
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے سویڈن میں حکومت کی اجازت پر عید الاضحیٰ کے دن قرآن پاک کی بےحرمتی کے بعد داغستان میں ایک مسجد کا دورہ کیا اور قرآن پاک کو سینے سے لگائے رکھا۔ان کے اس عمل کی تصاویریں اور ویڈیوز پوری دنیا میں وائرل ہورہی ہیں، اورلوگ ان کی خوب تعریفیں کررہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولادیمیر پیوٹن نے جمہوریہ داغستان میں مسجد کے دورے کے دوران مذہبی رہنماوں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس میں قرآن پاک کی بےحرمتی جرم ہے اگر اس طرح کا اقدام روس میں سرزد ہوتا تو سزا دی جاتی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن نے سویڈن میں پیش آئے واقعے کے اگلے دن یہ دورہ کیا تھا۔واضح رہے کہ کئی ممالک نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے جس میں پاکستان، ترکیہ، مراکش، اردن اور متحدہ عرب امارات کے نام قابل ذکر ہیں۔