نئی دہلی (ایچ ڈی نیوز ڈیسک)۔
بھارتی کرنسی بازارمیں روپیہ آج ایک بار پھر ریکارڈ سطح تک نیچے گر کر کاروبار کررہا ہے۔ ڈالر کے مقابلے 82.33 روپے کی سطح پر آچکی ہے۔ روپے نے آج ایک بار پھر ڈالر کے مقابلے میں ریکارڈ گراوٹ کے ساتھ کاروبار شروع کیا اور پھر مسلسل کمزوری کا سلسلہ جاری رکھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ڈالر انڈیکس کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا منفی اثرکرنسی مارکیٹ پر پڑا ہے۔ اس کی وجہ سے ڈالر کی مانگ بڑھنے کا خدشہ کے پیش نظر ہندوستانی کرنسی پر دباو¿ بڑھ گیا ہے۔
انٹر بینک فارن سیکیورٹیز ایکسچینج پر، ہندوستانی کرنسی نے آج 0.29 فیصد کی کمی کے ساتھ 82.19 روپے فی ڈالر پر تجارت شروع کی۔ کرنسی مارکیٹ میں کام شروع ہونے کے بعد روپے کی کمزوری میں اضافہ ہوتا رہا۔ کچھ ہی عرصے میں، ہندوستانی کرنسی ڈالر کے مقابلے میں 0.5 فیصد گر کر 82.33 روپے فی ڈالر کی ریکارڈ کم ترین سطح پر آ گئی۔ درمیان میں ایک بار روپے کے گرنے کی رفتار میں کچھ دیر کے لیے وقفہ آیا لیکن تھوڑی دیر بعد روپیہ دوبارہ گرنے لگا۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین کا خیال ہے کہ روپے کے لیے ڈالر انڈیکس کی مضبوطی پہلے ہی سب سے بڑا چیلنج ہے لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے نے روپے پر مزید دباو¿ ڈالا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 93 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ صرف رواں ہفتے کے کاروبار میں ہی خام تیل کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔درحقیقت ، خام تیل پیدا کرنے والے ممالک (اوپیک ممالک) کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے کے بعد سے بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں تیزی برقرار ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت جلد 100 ڈالر فی بیرل کی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر پر دباو¿ مزید بڑھ سکتا ہے۔مارکیٹ ایکسپرٹ میانک موہن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کے ساتھ ساتھ ڈالر انڈیکس میں اضافے سے بھی روپے پر مسلسل دباو¿ ہے۔ ڈالر انڈیکس بھی اس ہفتے مسلسل اوپر کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ڈالر انڈیکس 109.80 کی سطح سے چھلانگ لگا کر 112.12 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کے باعث روپے سمیت دنیا بھر کی تمام کرنسیوں کی قدر ڈالر کے مقابلے میں کم ہو رہی ہے۔ میانک موہن کا خیال ہے کہ اگر موجودہ نامساعد عالمی حالات کے درمیان خام تیل کی قیمت میں اضافہ جاری رہا تو آنے والے دنوں میں ہندوستانی کرنسی بھی 83 روپے فی ڈالر کی سطح کو عبور کر سکتی ہے۔